سائنسی تنظیموں اور تحقیقی اداروں کو ٹیکنالوجی اوراختراعات کے بارے میں بیداری پیدا کرنی چاہئے

   

نئی دہلی : مرکزی وزیر مملکت برائے سائنس و ٹکنالوجی (آزادانہ چارج ) ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ملک بھر کی سائنسی تنظیموں اور تحقیقی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ سائنس، ٹکنالوجی، جدت طرازی کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے ملک گیر عوامی رسائی مہم کے لیے ایک روڈ میپ تیار کریں تاکہ اسٹارٹ اپ اور ممکنہ کاروباری افراد کے لیے مودی حکومت کی جانب سے متعارف کرائے گئے انتظامات کو ممکن بنایا جا سکے ۔مرکزی وزیر نے کہا کہ چندریان 3 کے چاند پر اترنے کے بعد ہندوستان کے خلائی ریسرچ پروجیکٹوں میں بڑے پیمانے پر عوامی دلچسپی پیدا ہوئی ہے اور اس رفتار کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے ۔مسٹر جتیندر سنگھ نے کہا “یہ مہم نہ صرف ڈی ایس ٹی، سی ایس آئی آر، ڈی بی ٹی، اسرو، ڈی آر ڈی او اور دیگر سائنسی محکموں کی جانب سے وزیراعظم مودی کی قیادت والی حکومت کے نو سال سے زائد عرصے کے دوران ہماری اولین کامیابیوں کے بارے میں عوام میں بیداری پیدا کرے گی، بلکہ نوجوانوں کو اس میں اپنا رول ادا کرنے کی ترغیب اور ان کی حوصلہ افزائی بھی کرے گی۔