سابق اسٹار فٹبالر س کاکا اور فیگو کا دورۂ پاکستان

   

کراچی ۔ 10 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لوئس فیگو اور کاکا ورلڈ سوکر اسٹار ایونٹ کے افتتاح کے لیے اپنے دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ ایرپورٹ پہنچنے کے بعد دونوں کھلاڑیوں نے خوشی کا اظہار کیا، جبکہ انہیں سخت سکیورٹی میں کراچی کے ہوٹل پہنچا دیا گیا۔ ایک روز قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کاکا نے پاکستان میں اپنے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ پاکستان آرہے ہیں، اور یہاں چند روز قیام کریں گے۔ برزیلین اسٹار کاکا نے کہا کہ میں پاکستان کا دورہ کرنے اور ملک میں فٹ بال کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرنے پر خوش ہوں ، میں کبھی پاکستان نہیں گیا لہٰذا میں بہت زیادہ پْرجوش ہوں۔ منتظمین کے بموجب یہ دورہ کراچی اور لاہور کے شہریوں بالخصوص فٹ بال کے پرستاروں کو لوئس فیگو اور کاکا کی جھلک دیکھنے کا موقع فراہم کرے گا۔ خیال رہے کہ کاکا 2002 فیفا ورلڈ کپ میں برازیلین اسکواڈ کا حصہ تھے جب برازیل نے 5 واں اور اب تک کا اپنا آخری ورلڈ کپ اپنے نام کیا تھا۔ کاکا اپنے کیریئر کے دوران روایتی کھیل کی مدد سے شائقین فٹبال کو محظوظ کرتے رہے ہیں جبکہ انہوں نے 2007 میں فیفا پلیئر آف دی ایر کا ایواڈ بھی حاصل کیا تھا۔اسٹار فٹبالر لوئس فیگو معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے بعد پرتگال کی جانب سے سب سے زیادہ 127 میچز کھیل 32 گول بھی اسکور کرچکے ہیں۔کاکا کی طرح لوئس فیگو بھی دنیا کے دیگر عالمی شہرت یافتہ فٹبالرز کی طرح فیفا فٹبالر آف دی ایر کا ایوارڈ اپنے نام کر چکے ہیں اور انہوں نے یہ ایوارڈ 2001 میں حاصل کیا تھا۔