نئی دہلی ۔ ہندوستان کے سابق کرکٹر بشن سنگھ بیدی پیرکو چل بسے۔ وہ 77 سال کے تھے۔ بیدی کی دو ہفتے قبل سرجری ہوئی تھی اور تب سے وہ دہلی کے اسپتال میں داخل تھے۔ بیدی کے پسماندگان میں ان کے بیٹے اور بالی ووڈ اداکار انگد بیدی ہیں، جن کی شادی اداکارہ نیہا دھوپیا سے ہوئی ہے۔ عالمی کرکٹ کے سب سے بڑے بائیں ہاتھ کے اسپنروں میں سے ایک کے طور پر بیدی کو جانا جاتا ہے، بیدی نے 1967 سے 1979 کے درمیان ہندوستان کے لیے 67 ٹسٹ اور 10 ونڈے کھیلے۔ بیدی نے ٹسٹ کرکٹ میں 28.71 کی اوسط سے 14 پانچ وکٹوں کے ساتھ 266 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے ونڈے میں بھی 7 وکٹیں حاصل کیں۔ بیدی اب تک ہندوستان کے سب سے کامیاب بائیں ہاتھ کے اسپنر تھے جب تک کہ انہوں نے اس سال کے شروع میں آسٹریلیا کے خلاف آئی سی سی ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل کے دوران رویندر جڈیجہ نے پیچھے چھوڑا۔ 25 ستمبر 1946 کو امرتسر، ہندوستان میں پیدا ہوئے بیدی بائیں ہاتھ کے آرتھوڈوکس اسپنر تھے جو اپنی غیر معمولی مہارتوں اور خوبصورت بولنگ ایکشن کے لیے مشہور تھے۔ انہوں نے 1966 میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے لئے اپنا کرئیر کا آغاز کیا اور1979 تک اپنے ملک کی نمائندگی کرتے رہے۔