سابق امریکی صدر بارک اوباما کی دادی سارہ اوباما کا انتقال

   

نیروبی : امریکہ کے سابق صدر بارک اوباما کی دادی سارہ اوباما کا 99 سال کی عمر میں مغربی کینیا میں انتقال ہوگیا۔ ان کی دختر مرست اونیانگو نے بتایا کہ والدہ کا پیر کی صبح انتقال ہوگیا۔ اطلاعات کے مطابق سارہ اوباما جنہیں لوگ پیار سے ماما سارہ کہا کرتے تھے، کوکیسمو کے ایک ریفرل ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا۔ دریں اثناء اوباما کے خاندانی ترجمان شیخ موسیٰ اسمعیل نے بتایا کہ گذشتہ ایک ہفتہ سے ماما سارہ کا مزاج ٹھیک نہیں تھا لیکن کووڈ ٹسٹنگ کرانے کے بعد وہ منفی پائی گئی تھیں۔ موسیٰ اسمعیل نے کہا کہ سابق صدر اوباما نے اس موقع پر ایک تعزیتی پیغام روانہ کیا ہے۔ ماما سارہ ایک اسکول میں بچوں کیلئے مختلف اشیائے خوردنی فراہم کرنے کا معمولی کام کرتی تھیں لیکن ان کے سوتیلے پوتے بارک اوباما کے 2008ء میں امریکی صدر بننے کے بعد انہیں بھی عالمگیر شہرت حاصل ہوگئی۔ شیخ موسیٰ اسمعیل نے مزید بتایا کہ منگل کو ماما سارہ کی مذہب اسلام کے مطابق تدفین عمل میں آئے گی۔