سابق مرکزی وزیرسوامی چنمیانند پر اغواء کا مقدمہ درج

,

   

شاہجہاں پور(اترپردیش): شاہ جہاں پولیس نے وکالت کی تعلیم حاصل کررہی 23سالہ طالبہ کے اغواء کے سلسلہ میں سابق مرکزی وزیر سوامی چنمیانند پر مبینہ طور پر اغواء او رماردینے کی دھمکی پر ایک ایف آئی آر درج کردی ہے۔ چنمیانند ایس ایس پوسٹ گرائجویٹ کالج کے چیرمین بھی ہیں جہا ں مغویہ طالبہ زیر تعلیم ہے۔ ٹائمس آف انڈیا رپورٹ کے مطابق ایس ایس پی ایس چنپا نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہم نے سابق مرکزی وزیر سوامی چنمیا نند کے خلاف ایک ایف آئی آر درج کرلی ہے او ر ہم ملزم کو پکڑنے او رمغویہ لڑکی کو برآمد کرنے کے لئے خصوصی ٹیموں کی تشکیل دی تھی، گرلز ہاسٹل روم کو بھی مہر بند کردیا جائے گا۔“ ایس ایس پی نے بتایا کہ ہم نے متاثرہ لڑکی کے گھروالو ں کو سیکورٹی بھی فراہم کی ہے۔“

لڑکی کی ویڈیو دیکھنے کے بعد لڑکی کے والد نے پولیس سے تحریراً شکایت کی ہے اور کہا کہ میری لڑکی کے اغواء کرنے کے پیچھے سابق وزیر کا ہاتھ ہے۔ لڑکی کو ہراساں کرنے کا ویڈیو بھی وائرل ہوگیا ہے۔ شاہجہاں کوٹوالی پولیس اسٹیشن میں سابق مرکزی وزیر کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ یہ ایف آئی آر مغویہ لڑکی کے والد اور ڈی ایم اندرا وکرم سنگھ او رایس ایس پی چنپا کی ملاقات کے بعد درج کیا گیا۔ پولیس نے مغویہ لڑکی کے والد کو تیقن دیا کہ وہ ان کی لڑکی ضرور ڈھونڈ کرلائیں گے۔

واضح رہے کہ لڑکی کے اغواء کے بعد لڑکی نے فیس بک پر ایک ویڈیو اپلوڈ کی تھی جس میں اس نے کہا تھا کہ اسے سابق مرکزی وزیر سوامی چنمیا نے اغواء کرلیا ہے۔ اس نے اس ویڈیو میں مزید کہا کہ سوامی نے مبینہ طور پر کہا تھا کہ اس نے کالج کی کئی لڑکیوں کی زندگی تباہ کرچکا ہے۔ لڑکی نے مزید بتایا کہ سوامی نے ا س کے والدین کو قتل کرنے کی بھی دھمکی دی ہے۔ واضح رہے کہ سوامی چنمیانند واجپائی دور حکومت میں وزیر خارجہ رہ چکے ہیں۔ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ ان پر مقدمہ درج کیاگیا ہے اس سے قبل بھی 2011ء میں کوٹوالی پولیس اسٹیشن میں ایک عورت نے ان کے خلاف مقدمہ درج کروایا تھا۔ اس عورت کا الزام ہے کہ سوامی نے ہری دوار کے ایک آشرم میں اس کی کئی مرتبہ عصمت ریزی کی۔

فی الحال سوامی پر تعزیرات ہند کی دفعات 364اور 506کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔