سابق وزیراعظم چندرشیکھر کے فرزند نیرج بی جے پی میں شامل

   

نئی دہلی 16 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سابق وزیراعظم چندرشیکھر کے فرزند نیرج شیکھر نے منگل کو بی جے پی میں شامل ہوگئے۔ اس موقع پر بی جے پی کے جنرل سکریٹریز بھوپندریا اور انیل جین بھی موجود تھے۔ نیرج گزشتہ روز ہی سماج وادی پارٹی اور راجیہ سبھا کی رکنیت سے مستعفی ہوگئے۔ نیرج 2007 ء اور 2009 ء میں اپنے والد آنجہانی چندرشیکھر کے حلقہ بلیا سے دو مرتبہ منتخب ہوئے تھے لیکن 2014 ء میں اُنھیں شکست ہوگئی تھی اور 2019 ء میں سماج وادی پارٹی نے اُنھیں اس حلقہ سے ٹکٹ نہیں دیا تھا اور بجائے اس کے اُنھیں راجیہ سبھا بھیج دیا تھا۔ بی جے پی ذرائع نے کہاکہ ان کی پارٹی نیرج کو اترپردیش سے راجیہ سبھا کے لئے امیدوار نامزد کرے گی۔ چندرشیکھر اگرچہ سماج وادی پارٹی میں نہیں تھے لیکن اس پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو نے ان کے خلاف کبھی بھی اپنی پارٹی کا امیدوار نامزد نہیں کیا تھا۔ 2007 ء میں چندرشیکھر کے انتقال کے بعد سماج وادی پارٹی نے اُن کے بیٹے کو بلیا سے اپنا امیدوار نامزد کیا تھا۔