سابق وزیر اعظم سوڈان صادق المہدی کی کورونا سے موت

,

   

خرطوم : سوڈان میں جمہوری طور پر منتخب آخری وزیر اعظم 84 سالہ صادق المہدی جمعرات کو انتقال کرگئے۔ ان کے اہل خانہ اور پارٹی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق کورونا وائرس کے انفیکشن سے متاثر ہونے کے بعد تین ہفتے قبل انہیں متحدہ عرب امارات میں ایک ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ فوج نے 1989میں وزیر اعظم صادق المہدی کا تختہ پلٹ دیا تھا اور ان کی جگہ سابق صدر عمر البشیر کو اقتدار پر بٹھا دیا تھا۔ اقتدار سے معزول کر دیے جانے کے باوجود مہدی سوڈان کی سیاست میں کافی موثر شخصیت رہے۔ عمر البشیر کے دور میں مہدی کی اعتدال پسند امّہ پارٹی سب سے بڑی اپوزیشن سیاسی جماعت رہی۔ صادق المہدی کے گھر والوں نے گزشتہ ماہ بتایا تھا کہ کووڈ۔19 کی جانچ میں وہ پازیٹیو پائے گئے ہیں اور انہیں سوڈان میں چند دنوں ہسپتال میں رکھنے کے بعد بہتر علاج کے لیے متحدہ عرب امارات منتقل کردیا گیا تھا۔ امّہ پارٹی نے ایک بیان میں کہا کہ مہدی کی تدفین جمعے کے روز سوڈان کے عمدرمان شہر میں کی جائے گی۔