بریلی: اتر پردیش میں بریلی کی ایک عدالت نے دویانگوں کومصنوعی اعضاء اور سامان کی تقسیم کے نام پر گھوٹالے کے ایک معاملے میں سابق وزیر خارجہ سلمان خورشید کی اہلیہ اور سابق ایم ایل اے لوئس خورشید سمیت دو لوگوں کے خلاف قابل ضمانت وارنٹ جاری کیا ہے ۔ الزام ہیکہ آلات گھوٹالے کے معاملے میں عدالت کی طرف سے طلب کیے جانے کے باوجود وہ مسلسل غیرحاضر ہیں۔ اگلی سماعت 30 جنوری کو ہوگی۔ اسپیشل کورٹ ایم پی ایم ایل اے بریلی کے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر آرچیت دویدی نے کہا کہ 2010 میں سماجی انصاف اور اختیارات کی وزارت نے ڈاکٹر ذاکر حسین میموریل ٹرسٹ کوکیمپ لگاکردویانگوں کو آلات وغیرہ کی تقسیم کیلئے 71.50 لاکھ روپے کی گرانٹ رقم دی تھی۔ ٹرسٹ نے 17اضلاع میں دویانگ کیمپ کا انعقاد کرکے معذوروں میں آلات تقسیم کرنے کی معلومات سماجی انصاف اور امپاورمنٹ کی وزارت کو بھیجی تھی، لیکن تحقیقات کے دوران بریلی سمیت کئی مقامات پر کیمپ کا انعقاد نہیں پایا گیا۔