آبائی گاؤں کا دورہ، کانگریس قائدین اور کارکنوں سے ملاقات
حیدرآباد۔23۔ جون (سیاست نیوز) متحدہ آندھراپردیش کے آخری چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی نے سرگرم سیاست میں حصہ لینے کا اشارہ دیا ہے ۔ انہوں نے آندھراپردیش کے انامیا ضلع کے کلیگری کا دورہ کرتے ہوئے مقامی افراد سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد وہ عوام کے درمیان واپس ہوں گے۔ واضح رہے کہ کرن کمار ریڈی نے آندھراپردیش کی تقسیم کے بعد کانگریس سے استعفیٰ دے کر نئی پارٹی قائم کی تھی۔ حالیہ دنوں میں انہوں نے کانگریس ہائی کمان سے ملاقات کی اور پارٹی میں واپسی کا فیصلہ کیا ۔ آندھراپردیش میں کانگریس کو متحرک کرنے کیلئے کانگریس ہائی کمان کرن کمار ریڈی کو پردیش کانگریس کی صدارت پر فائز کرنے پر غور کر رہا ہے۔ سابق چیف منسٹر کے کلیگری پہنچنے پر عوام نے متاثرکن استقبال کیا ۔ حلقہ کے اسمبلی انچارج پردیش کانگریس کے سکریٹری کے ایس محی الدین اور ضلع کانگریس کے سابق سکریٹری ڈاکٹر سری وردھن کے علاوہ دیگر قائدین نے کرن کمار ریڈی سے ملاقات کی۔ کرن کمار ریڈی نے قائدین ، کارکنوں اور حامیوں سے اپنے فرزند نکھلیش کمار ریڈی کا تعارف کرایا ۔ نوجوان کارکنوں کے ساتھ نکھلیش کمار ریڈی نے کچھ وقت گزارا۔ بتایا جاتا ہے کہ کرن کمار ریڈی اپنے آبائی گاؤں میں اراضی کے رجسٹریشن کے سلسلہ میں پہنچے تھے۔ کرن کمار ریڈی نے کہا کہ بہت جلد وہ واپس آئیں گے اور ہر ایک سے تفصیلی ملاقات کریں گے ۔ اسی دوران سابق رکن کونسل بی نریش کمار ریڈی نے سابق چیف منسٹر سے ملاقات کی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ر