سابق گورنر تلنگانہ سوندرا راجن ساؤتھ چینائی سے بی جے پی امیدوار

   

حیدرآباد ۔ 22 ۔ مارچ (سیاست نیوز) بی جے پی نے توقع کے عین مطابق سابق گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن کو ساؤتھ چینائی لوک سبھا حلقہ سے امیدوار بنایا ہے۔ بی جے پی نے ٹاملناڈو کے پارٹی امیدواروں کی فہرست جاری کی ہے ۔ پارٹی کے ریاستی صدر کے اناملائی کو کوئمبتور حلقہ سے امیدوار بنایا گیا ہے ۔ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن جنہوں نے گزشتہ دنوں الیکشن میں حصہ لینے کیلئے گورنر تلنگانہ کے عہدہ سے استعفیٰ دیا تھا ، وہ ساؤتھ چینائی حلقہ میں ڈی ایم کے امیدوار تھنگا پانڈین سے مقابلہ کریں گی۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن جو گورنر کے عہدہ پر فائز کئے جانے سے قبل ٹاملناڈو بی جے پی کی صدر رہ چکی ہیں، سابق میں ایک مرتبہ لوک سبھا اور اسمبلی کیلئے دو مرتبہ اپنی قسمت آزماچکی ہیں لیکن انہیں کامیابی نہیں ملی ۔ ملک میں بی جے پی کی مقبولیت میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے سوندرا راجن کو یقین ہے کہ وہ اس مرتبہ ضرور کامیاب ہوں گی۔ 1