سات دنوں میں سی اے اے کا ملک گیر نفاذ

   

کولکاتا : مرکزی وزیر شانتنو ٹھاکر نے شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کو لے کر بڑا دعویٰ کیا ہے۔ مغربی بنگال میں منعقدہ ایک پروگرام کے دوران انہوں نے کہا کہ آئندہ 7 دنوں میں ملک بھر میں سی اے اے نافذ کر دیا جائے گا۔ شانتنو ٹھاکر جنوبی 24 پرگنہ کے کاک دیپ میں عوامی تقریر کر رہے تھے۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ میں اسٹیج سے اس بات کی ضمانت دے رہا ہوں کہ سی اے اے ایک ہفتے کے اندر نہ صرف بنگال میں بلکہ پورے ملک میں نافذ ہو جائے گا۔مرکزی وزیر شانتنو ٹھاکر نے مغربی بنگال میں منعقد ایک پروگرام میں کہا کہ اس ریاست کے وزیر اعلیٰ کہتے ہیں، اگر آپ کے پاس ووٹر کارڈ ہے، اگر آپ کے پاس آدھار ہے تو آپ شہری ہیں۔ آپ ووٹ دے سکتے ہیں۔ آپ ووٹ دینے والے شہری ہیں لیکن یہاں میں نے سنا ہے کہ ہزاروں لوگوں کو حق رائے دہی سے محروم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ جن لوگوں کو ووٹ کے حق سے محروم رکھا گیا ہے وہ سبھی متوا سماج سے ہیں۔ یہ سبھی بی جے پی کے حامی ہیں۔ اس لیے انہیں ووٹر کارڈ نہیں دیا گیا ہے۔مرکزی وزیر شانتنو ٹھاکر نے آج کہا کہ شہریت ترمیمی ایکٹ (سی اے اے) کو ایک ہفتہ کے اندر اندر ملک میں نافذ کر دیا جائے گا۔ ایک نیوز چینل کے ساتھ انٹرویو کے دوران، مغربی بنگال کے شمالی 24 پرگنا ضلع میں متوا برادری سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی اکثریت والے علاقہ بونگاؤں سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ٹھاکر نے کہا کہ متنازعہ ایکٹ کو سات دنوں کے اندر اندر لاگو کیا جائے گا۔مرکز میں بی جے پی کی حکومت کی جانب سے 2019 میں نافذ کردہ سی اے اے کا مقصد بنگلہ دیش، پاکستان اور افغانستان سے آنے والے ہندو، سکھ، جین، بدھ، پارسی اور عیسائیوں سمیت تمام غیر مسلم تارکین وطن کو جو 31 دسمبر 2014 سے پہلے یہاں آئے ہیں انہیں ہندوستانی شہریت دینا ہے۔ٹھاکر جو متوا برادری کے ہرنما بھی ہیں نے واضح کہا کہ ’سی اے اے کو بہت جلد لاگو کیا جائے گا۔ سات دنوں کے اندر اس پر عمل درآمد ہو جائے گا۔ یہ میری ضمانت ہے‘۔ وہ ہمیشہ یہ دعویٰ کرتے رہے ہیں کہ لوک سبھا انتخابات سے قبل ملک میں سی اے اے کو نافذ کیا جائے گا۔