حالت نشہ میں گاڑیاں چلانے پر بخشا نہیں جائے گا ، بچوں پر نظر رکھنے والدین کو مشورہ : سرینواس ریڈی
حیدرآباد ۔ 22 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : سال نو تقریب کو خوشگوار انداز میں منانے کے لیے سٹی پولیس کی جانب سے بہترین ماحول فراہم کیا جارہا ہے ۔ تاہم ساتھ ہی جشن کے ذریعہ تکلیف پہونچانے والوں کو پولیس کی جانب سے وارننگ بھی دی جارہی ہے ۔ نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے والوں کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا اور کم عمر لڑکے اور لڑکیوں کو قابو میں رکھنے کی ان کے والدین اور سرپرستوں سے اپیل بھی کی جارہی ہے ۔ کمشنر پولیس کے سرینواس ریڈی نے صاف طور پر کہہ دیا کہ نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے والے شہریوں کو جیل منتقل کردیا جائے گا اور کسی بھی قسم کی کوئی رعایت نہیں کی جائے گی ۔ کمشنر پولیس نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ خوشگوار انداز میں پورے جوش و خروش کے ساتھ نئے سال کا استقبال کریں ۔ ورنہ نیا سال پولیس اسٹیشن کی کوٹھری میں گذاریں ۔ انہوں نے منشیات کا استعمال کرنے والوں کو سخت گیر نتائج کا انتباہ دیا اور کہا کہ نئے سال کے وقت پولیس کی کارروائی سے بچ جانے والوں کا تعاقب کیا جائے گا اور اطلاع کے بعد انہیں کسی بھی صورت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا چونکہ منشیات کے استعمال پر سال نو تقاریب ہی تک کارروائی نہیں رہے گی اور اس دن استعمال کرنے والوں کو کسی اور دن بھی گرفتار کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ نشہ کیا جاسکتا ہے لیکن حد میں رہتے ہوئے حد سے تجاوز کرنے والوں کو 10 ہزار روپئے جرمانہ اور 6 ماہ جیل کی سزا کے لیے تیار رہنا پڑے گا اس کے علاوہ ان افراد کے ڈرائیونگ لائسنس کو بھی منسوخ کردیا جائے گا ۔۔ ع