سدارامیا دہشت گرد : نلین کمار

   

منگلورو : کرناٹک بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر نلین کمار کتیل نے چہارشنبہ کو سابق وزیر اعلیٰ اور سینئر کانگریس لیڈر سدارامیا کو دہشت گرد قرار دیا۔ انہوں نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ “میں ذاتی طور پر محسوس کرتا ہوں کہ وہ ایک دہشت گرد ہے اور وہ اس طرح کے بیانات دے رہے ہیں کیونکہ وہ کانگریس میں انتہائی قابل رحم پوزیشن میں ہے ۔”مسٹر کتیل نے کہا کہ “سدرامیا کی ثقافت طالبان ہے اور ان کے دور میں زیادہ سے زیادہ قتل ہوئے ۔” مسٹر کتیل مسٹر سدارامیا کے اس بیان پر رد عمل ظاہر کر رہے تھے جس میں انہوں نے بی جے پی رہنماؤں کو طالبان کہا تھا۔وزیراعلی بسوراج بومائی کو راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ کا نقاب قرار دیتے ہوئے مسٹر سدارامیا نے کہا تھا کہ ملک کی نئی تعلیمی پالیسی ناگپور اور سنگھ کی تعلیمی پالیسی ہے ۔بی جے پی صدر نے یہ بھی کہا کہ تقریبا 6 سے 10 کانگریس لیڈر بی جے پی میں شامل ہونے کے لیے تیار ہیں اور دیگر لیڈر بھی ان کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ لوگوں کو کانگریس پر کوئی اعتماد نہیں ہے اور بی جے پی 2023 میں ایک بار پھر ریاست میں حکومت بنائے گی۔