سدا رامیا نے وائرل ویڈیو کو بوگس قرار دیا،کے ٹی آر پر تنقید، بی جے پی کی بی ٹیم کا الزام

   

حیدرآباد۔/19 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) کرناٹک کے چیف منسٹر سدا رامیا نے بی آر ایس لیڈر کے ٹی راما راؤ کے ٹوئیٹ پر سخت تنقید کرتے ہوئے جوابی حملہ کیا ہے۔ سدا رامیا نے اسمبلی میں ان کی گفتگو سے متعلق وائرل ویڈیو کو جعلی اور بوگس قرار دیا اور کہا کہ کے ٹی آر نے بی جے پی کی جانب سے وائرل کئے گئے نقلی اور بناوٹی ویڈیو پر بھروسہ کرتے ہوئے کرناٹک کی حکومت پر تنقید کی ہے۔ سدا رامیا نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کے ٹی آر کو جواب دیا۔ کے ٹی آر نے ایک ویڈیو وائرل کیا جس میں سدا رامیا کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ عوام سے کئے گئے تمام وعدوں پر عمل آوری ضروری نہیں ہے اور حکومت کے پاس عمل کیلئے بجٹ نہیں۔ کے ٹی آر کے اس ٹوئیٹ کا جواب دیتے ہوئے سدا رامیا نے کہا کہ دو روز قبل بی جے پی نے یہ فیک ویڈیو وائرل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر کے پاس حقیقی اور فیک ویڈیو میں کوئی فرق نہیں ہے۔ تلنگانہ کے چناؤ میں آپ کی شکست کس لئے ہوئی شاید پتہ نہیں۔ کونسا ویڈیو فیک اور کونسا تیار کیا گیا ہے اس بارے میں سچائی جانے بغیر آپ نے وائرل کردیا۔ بی جے پی نے یہ نقلی اور تیار کردہ ویڈیو وائرل کیا جس پر آپ نے بھروسہ کرتے ہوئے وائرل کردیا۔ حقائق جانے بغیر فیصلے کرنے سے آپ کی شکست ہوئی ہے۔ سدا رامیا نے کہا کہ اب یہ ثابت ہوچکا ہے کہ بی آر ایس بی جے پی کی بی ٹیم ہے۔ اسی دوران کانگریس کے سوشیل میڈیا شعبہ کی جانب سے کے ٹی آر کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ر