سدی پیٹ میں آج ’’حج ہاؤز ‘‘ کا افتتاح

   

تلنگانہ کے دوسرے حج ہاؤز کی عمارت انتہائی دلکش اور مسلم فن تعمیر کی عکاس

سدی پیٹ ۔ 23 جولائی ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سدی پیٹ میں 24 جولائی کو ریاست تلنگانہ کے دوسرے حج ہاؤز کا افتتاح بدست مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ حیدرآباد عمل میں آئے گا ۔ اس افتتاحی تقریب میں ریاستی وزیر داخلہ محمود علی بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کریں گے ۔ ان کے علاوہ وقف بورڈ کے صدرنشین محمد سلیم، ریاستی حج کمیٹی کے صدرنشین مسیح اﷲ خان ، رکن پارلیمنٹ کوتہ پربھاکر ریڈی ایم ایل سی فاروق حسین اور دیگر عہدیداران بحیثیت مہمان خصوصی مدعو ہیںاور اس افتتاحی تقریب کی صدارت مقامی رکن اسمبلی و سابقہ وزیر ٹی ہریش راؤ انجام دیں گے ۔ اس عالیشان حج ہاوز عمارت کی تعمیر 3.25 کروڑ روپیوں سے ریاستی حکومت کی جانب سے کی گئی ۔ اس حج ہاؤز عمارت کی تعمیر میں مقامی رکن اسمبلی ٹی ہریش راؤ کی خصوصی دلچسپی ہے ۔ وہیںوقف بورڈ کے صدرنشین محمد سلیم نے ہریش راؤ کی خدمات سے متاثر ہوکر حج ہاوز کی تعمیر کیلئے ایک کروڑ روپئے سی ڈی پی فنڈ سے فراہم کروایا ۔ اس حج ہاؤز کو اتنا دلکش بنایا کہ اس میں اسلامی فنی تعمیر کی عکاسی کی نظیر ملتی ہے ۔ ہریش راؤ ترقیاتی کاموں میں حرکیاتی قائد مانے جاتے ہیں۔ ان کی قیادت میں سرکاری میڈیکل کالج کا قیام ، منی اسٹیڈیم ، منی ٹینک بنڈ ، سرکاری عمارتوں اور اسکولوں کی تعمیر عمل میں آئی ۔ وہیں اس حج ہاؤز عمارت کو لب سڑک دور اندیشی سے تعمیر کروایا جو اب سدی پیٹ کے مصروف ترین علاقے میں شامل ہوگیا ہے اور اس کو تنظیم المساجد سدی پیٹ کے تحت کیا گیا ہے تاکہ اس قیمتی اثاثہ کی بہتر دیکھ بھال ہو ۔ تنظیم المساجد سدی پیٹ مساجد ، قبرستان ، دینی تعلیم کے علاوہ سدی پیٹ کے مسلمانوں کا ایک پلیٹ فارم ہے ۔ اس تنظیم المساجد کی بہترین کارکردگی اور نمائندگی سے نہ صرف ہریش راؤ ہی متاثر ہیں بلکہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ بھی سدی پیٹ حلقہ کی نمائندگی میں ایک خوبصورت اقبال مینار ا ور اُردو گھر مسلم شادی خانہ تعمیر کرواکر مدیر اعلیٰ عابد علی خان اور مدیر اعلیٰ زاہد علی خان کے ہاتھوں افتتاح کروایا تھا ۔ اس طرح تلنگانہ ریاست کے دوسرے اضلاع میں بھی مسلمان الگ الگ مسجد کمیٹی کے بجائے تنظیم المساجد سدی پیٹ کو مثال جانتے ہوئے ایک پلیٹ فارم بنایا جائے تو ریاست کے ملی مسائل اور ترقی کیلئے حکومت پر آسانی سے دباؤ بڑھایا جاسکتا ہے۔