سدی پیٹ میں 22 تا 24 فروری سہ روزہ تبلیغی اجتماع، بڑے پیمانے پر تیاریاں

   

20 ہزار مسلمانوں کی شرکت متوقع ، ٹی ہریش راؤ نے انتظامات کا جائزہ لیا ، تمام تر سہولتیں فراہم کرنے عہدیداروں کو ہدایت

حیدرآباد۔/17 فروری، ( سیاست نیوز ) سدی پیٹ میں 22 تا24 فروری سہ روزہ تبلیغی اجتماع بمقام موضع گاچارپلی بائی پاس روڈ منعقد ہونے جارہا ہے۔ اجتماع کے سلسلہ میں انتظامات کا سلسلہ جاری ہے۔ تقریباً 30 ایکڑ کے وسیع میدان میں منعقد ہونے والے 3 روزہ اجتماع میں سدی پیٹ کے اطراف و اکناف و پڑوسی اضلاع کے مقامات سے مسلمان شرکت کرنے والے ہیں۔ اجتماع گاہ کے مقام پر شرکاء کی سہولت کیلئے طہارت خانے ، بیت الخلاء ، حمام کے علاوہ مصلیوں کے لئے عارضی مسجد کا انتظام کیا گیا اور دیگر بنیادی سہولتوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ اجتماع میں شرکت کرنے والوں کے لئے وضو کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔ جہاں پر کافی مقدار میں پانی سربراہ رہے گا ۔ اجتماع گاہ میں سردی کے سلسلہ میں شامیانوں کا وسیع انتظام کیا گیا ہے۔ علماء کے خطابات کیلئے مائیکرو فون کا بھی خصوصی انتظام رہے گا۔ اس موقع پر مختلف اسٹالس بھی لگائے جارہے ہییں۔ جس میں دینی معلوماتی کتابیں ، رسالے ، اخبارات وغیرہ دستیاب رہیں گے۔ اجتماع کے بہتر انتظامات کے لئے والینٹرس کا بھی انتظام رہے گا۔ انہیں خصوصی تربیت دی جائے گی۔ سابق وزیرجناب ٹی ہریش راؤ نے اجتماع گاہ کا معائنہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے ضلع کے اعلیٰ عہدیداروں کوو ہدایت جاری کی کہ وہ اجتماع میں شریک ہونے والے مسلمانوں کو ہر طرح سہولت پہنچائیں اور انہیںشکایت کا موقع نہ دیں۔ ایم ایل سی جناب فاروق حسین نے بھی اجتماع گاہ کا دورہ کیا وار ذمہ داروں سے بات چیت کی۔ ضلع سنگاریڈی کے تبلیغ اجتماع کے ضلع امیر جماعت غلام محمد صوفی و مفتی محمد اسلم نے بھی اپنے معاونین کے ساتھ یہاں پہنچے ۔ اپنے معاونین کو انتظامات کے بارے میں تفصیلات بتائی اور کہا کہ اس عظیم اجتماع میں شرکاء کے لئے بہتر سے بہتر انتظامات کو یقینی بنائے اور سرکاری عہدیداروں کے ساتھ تعاون کریں۔ واضح ہو کہ تبلیغی اجتماع کی اپنی ایک اہمیت ہے جس کے پیش نظر دوردورکے مقامات سے بھی مسلمان شرکت کرتے ہیں اور علماء کے بیانات سماعت کرتے ہیں۔ اس اجتماع میں حافظ عبدالسمیع اور مجیب کی نگرانی میں نوجوان انتظامات میں بڑھ چڑھ کرحصہ لے رہے ہیں تاکہ اجتماع کو کامیاب کرسکے۔ سرکاری اعلیٰ عہدیدار جوائنٹ کلکٹر ، او ایس ڈی پولیس، پولیس کمشنر، بلدیہ کمشنر برقی کے اعلیٰ عہدیدار اور مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں نے انتظامات کے سلسلے میں اجتماع گاہ کا دورہ کیا اور منتظمین کو اس بات کا یقین دلایا کہ اجتماع میں شرکت کرنے والوں کے لئے ہر طرح کی سہولت دی جائے گی۔ محمد عبدالوحید ( میٹ اینڈ پولٹری ) نے اپنی جانب سے مصلیوں کیلئے ٹین شیڈ سے نماز گاہ کا اہتمام کیا جس میں جائے نمازوں اور برقی پنکھوں کا بھی انتظام کیا ہے۔ ابراہیم سلیم نے پینے کے پانی کا انتظام اپنے ذمہ لیا۔ اسی طرح مخیر حضرات کا بھی تعاون حاصل کیا گیا۔ اس اجتماع میں دیگر اشیاء کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ مفتی عبدالسلام ، مفتی اسمعیل ، مولانا رحمن انتظامات میںمصروف ہیں اور اجتماع کی کامیابی کے لئے مسلسل کوشاں ہیں۔ شرکاء کے لئے طعام کا انتظام کیا جارہا ہے جو سنگاریڈی ، نرسا پور، ظہیرآباد کے حضرات نے اپے ذمہ لیا ہے۔ نوجوانوں کی کثیر تعداد جن میں قابل ذکر علیم الدین سجو،امجد ماما، سلمان، فرید، جاوید، امام، عاصم، واصف، منصور، افسر بیگ، سعید ، بابو جانی و دیگر نوجوان شب و روز اجتماع گاہ کے کاموں میں مصروف ہیں-