سراج نے سب کے دل جیت لئے

   

حیدرآباد۔ آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹسٹ میں ہندوستان کی شاندار کامیابی میں اہم رول اداکرنے والے حیدرآبادی فاسٹ بولر محمد سراج کی ٹیم کے کارگذار کپتان اجنکیا رہانے ،سابق کپتان سنیل گواسکر اور دیگرنے بھرپور ستائش کی ہے ۔ رہانے نے میچ کے بعد مین آف دی میچ حاصل کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ہی ٹسٹ میچ میں سراج نے شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ان میں خود اعتمادی دکھائی دی جو ایک مثبت علامت ہے ۔سنیل گواسکر نے کہاکہ سراج کو محمد سمیع کی جگہ شامل کیاگیا تھاجنہوں نے اپنے انتخاب کو پوری طرح صحیح ثابت کیا۔سابق کرکٹرسنجے منجریکر کے مطابق سراج کچھ عرصہ سے آئی پی ایل اور محدود اوورس کے مقابلے کھیل رہے تھے تاہم انہیں ٹسٹ کیلئے موقع نہیں مل رہا تھا، جیسے ہی انہیں موقع ملادونوں ہاتھوں سے انہوں نے اس موقع کو تھاما اوراپنی متاثرکن کارکردگی سے سب کے دل جیت لئے ۔سراج نے اپنے پہلے ہی میچ میں 5 وکٹس لئے۔