جموں۔ 13 مئی (یو این آئی) جموں و کشمیر کے سرحدی اضلاع راجوری، پونچھ، جموں اور سانبہ میں حالیہ شدید شیلنگ کے بعد پاکستانی فائرنگ سے گرنے والے غیر پھٹے گولے اور مارٹر شیلز کو ناکارہ بنانے کے لیے فوج اور پولیس کے بم ڈسپوزل اسکواڈز نے ایک وسیع صفائی مہم شروع کر دی ہے ۔ چیف سکریٹری اتل ڈلو نے کہا کہ حکومت صورتحال پر کڑی نظر رکھی ہوئی ہے اور سرحدی علاقوں سے بے گھر ہونے والے افراد کی واپسی اسی وقت ممکن ہوگی جب فوج اور پولیس علاقے کو کلیئر قرار دیں گے ۔ انہوں نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ متاثرہ خاندانوں کو جلد از جلد معاوضہ فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ اپنے تباہ شدہ گھروں کی دوبارہ تعمیر کر سکیں۔ حکام کے مطابق، لائن آف کنٹرول (ایل او سی) اور بین الاقوامی سرحد (آئی بی) پر شدید گولہ باری اور ڈرون حملوں کے بعد درجنوں شیلز کو ماہرین نے کنٹرولڈ دھماکوں کے ذریعے تباہ کیا ہے ۔ یاد رہے کہ 7 مئی سے 10 مئی کے درمیان پاکستان کی طرف سے کی گئی شدید گولہ باری کا آغاز اس وقت ہوا جب بھارتی افواج نے 22 اپریل کے پہلگام حملے کے ردعمل میں ’آپریشن سندور‘ کے تحت نو دہشت گرد ٹھکانوں پر میزائل حملے کیے ۔