سرسلہ کے گاؤں میں 10دن کا لاک ڈاؤن ایک شخص اومی کرون متاثر ہونے پر عوام کا رضاکارانہ فیصلہ

   

حیدرآباد 23ڈسمبر (یواین آئی) تلنگانہ میں اومی کرون کیسوں میں اضافہ کے پیش نظرعوام میں تشویش ہے۔ ضلع راجنا سرسلہ کے مستاباد منڈل کے گوڑم میں حال ہی میں دبئی سے آئے ایک شخص کے اومی کرون متاثرہونے کی تصدیق ہوئی تھی اس کے بعد اس کی والدہ اوربہن کی رپورٹ بھی مثبت آئی جس کے پیش نظرموضع میں رضاکارانہ طورپر10 دن تک لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ۔ گاؤں والوں نے فیصلہ کیا کہ دس دنوں تک نہ ہی کوئی شخص باہرجاسکتا ہے اورنہ ہی کوئی گاؤں میں داخل ہوسکتا ہے ۔ واضح رہے کہ 20 ڈسمبر کو سرسلہ ضلع میں اومی کرون کا کیس درج ہوا تھا۔ مقامی شخص جو15 دسمبر کو دبئی سے حیدرآباد پہنچا تھا اور اسی دن اس کا کورونا ٹسٹ کیا گیا، اس کے بعد وہ اپنے آبائی مقام آگیا۔ اس کے بعد اس کی کورونا رپورٹ مثبت پائی گئی جس پر اسے حیدرآباد طلب کرکے جینوم ٹسٹ کیا گیاجس میں اس کے اومی کرون متاثر ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔ ڈاکٹر سنجیوریڈی میڈیکل آفیسر، پوتھگل پرائمری ہیلت سنٹر نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ یہ شخص اومیکرون پازیٹو پایا گیا ہے۔