حیدرآباد۔ 29 جنوری (سیاست نیوز) سرکاری اسکولس میں ہر سال طلبہ کی گھٹتی ہوئی تعداد کا حکومت نے سخت نوٹ لیا ہے۔ سرکاری اسکولس میں طلبہ کی تعداد کو بڑھانے کیلئے نرسری، ایل کے جی، یو کے جی کلاسیس کا آغاز کرنے پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے۔ گزشتہ 10 سال کے دوران سرکاری اسکولس میں تقریباً 8 لاکھ طلبہ کی تعداد کم ہوگئی ہے، وہیں تقریباً 5 لاکھ طلبہ کی تعداد خانگی اسکولس میں بڑھ گئی ہے۔ ریاستی حکومت نے حال ہی میں 10 ہزار سے زائد ٹیچرس کا تقرر کیا ہے اور ساتھ ہی بڑے پیمانے پر ٹیچرس کے تبادلے بھی کئے گئے ہیں۔ اس تناظر میں حکومت سرکاری اسکولس میں طلبہ کی تعداد کو بڑھانے پر غور کررہی ہے۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے محکمہ تعلیم کے اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے سرکاری اسکولس کی ترقی، طلبہ کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے علاوہ دیگر اُمور کا جائزہ لیتے ہوئے طلبہ کی گھٹتی ہوئی تعداد پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور عہدیداروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سرکاری اسکولس میں نرسری، ایل کے جی، یو کے جی کلاسیس شروع کرنے کی حکمت عملی تیار کریں۔2