عوام اپنے حقوق کے بارے میں باشعور ہوں،صدر نشین کمیشن جسٹس چندریا کے تاثرات
حیدرآباد۔/17مئی، ( سیاست نیوز) صدر نشین تلنگانہ انسانی حقوق کمیشن جسٹس جی چندریا نے کہا کہ عوام کی بھلائی اور حکومت کی اسکیمات میں کسی بھی خامی یا کمی کے بارے میں توجہ دلانا انسانی حقوق کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماج میں جہاں کہیں بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہوتی ہے وہاں کمیشن اہم رول ادا کرسکتا ہے۔ صدرنشین انسانی حقوق کمیشن بھونگیر ضلع کے دو روزہ دورہ پر پہنچے۔ انہوں نے مقامی عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جسٹس چندریا نے کہا کہ انسانی حقوق کے تحفظ کے علاوہ حکومت کے ترقیاتی اور فلاحی اقدامات کو عوام کو تک پہنچانا نظم و نسق کے ساتھ ساتھ کمیشن اپنی ذمہ داری سمجھتا ہے۔ کسی بھی کوتاہی کے بارے میں حکومت کو توجہ دلائی جائے گی۔ سرکاری عہدیداروں کی کارکردگی پر نظر رکھتے ہوئے اسکیمات پر موثر عمل آوری کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے بارے میں عوام میں شعور بیداری ضروری ہے۔ جسٹس چندریا کل ضلع کلکٹریٹ میں مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ انسانی حقوق پر عمل آوری کا جائزہ لیں گے۔ ر