سرکاری اسکیمات میں مسلمانوں کو مناسب حصہ داری اور پرانے شہر کی ترقی کا وعدہ

   

مسلم وفد سے ریونت ریڈی کی ملاقات، میڈیکل کالج کی منظوری کا تیقن، پرانے شہر میں میٹرو ٹرین ، انتخابی وعدوں پر عمل
حیدرآباد ۔15۔ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت کی تمام فلاحی اسکیمات میں مسلمانوں کو موثر حصہ داری دی جائیگی تاکہ ان کی معاشی صورتحال بہتر ہو۔ چیف منسٹر نے مسلمانوں کیلئے میڈیکل کالج کی منظوری اور تعلیمی اداروں کی برقراری کیلئے فیس ری ایمبرسمنٹ اسکیم پر موثر عمل کا تیقن دیا ۔ ریونت ریڈی نے آج مسلمانوں کی نمائندہ شخصیتوں سے ملاقات کی جنہوں نے انتخابات میں کانگریس کی تائید کی تھی۔ چیف منسٹر نے اسمبلی کے عبوری اسپیکر کے طور پر مجلس کے اکبر اویسی کے انتخاب کے پس منظر میں مسلمانوں میں بے چینی پر وضاحت کی کہ سیاسی معاملات اور حکومت کے معاملات میں فرق ہوتا ہے۔ مجلس سے کوئی مفاہمت یا دوستی نہیں ہوئی ہے بلکہ قواعد کے مطابق مجلس کے رکن کو عبوری اسپیکر کے طورپر مقرر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 6 مرتبہ منتخب ارکان میں سے واحد مسلم رکن کو حکومت نے عبوری اسپیکر منتخب کرکے مسلمانوں سے اپنی ہمدردی کا ثبوت دیا ہے۔ اگر مسلم رکن اسمبلی کو نظر انداز کیا جاتا تو یہ تاثر پیدا ہوتا کہ حکومت نے مسلمانوں سے ناانصافی کی ہے ۔ چیف منسٹر سے ملاقات کرنے والوں میں نواب محبوب عالم خاں، مجاہد عالم خاں، جماعت اسلامی کے عبدالمجید شعیب ، محمد اظہرالدین ، مولانا خسرو پاشاہ بیابانی ، صدر تحریک مسلم شبان مشتاق ملک و دیگر شامل تھے ۔ سابق وزیر محمد علی شبیر ، چیف منسٹر کے سکریٹری شاہنواز قاسم ، انٹلیجنس چیف شیودھر ریڈی ، وزیر پونم پربھاکر و دیگر موجود تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ محبوب عالم خاں نے اقلیتی اسکیمات میں مسلمانوں کو مناسب نمائندگی کا مشورہ دیا اور کہا کہ حکومت جس حد تک فائدہ پہنچاسکتی ہے پہنچایا جائے۔ انہوں نے ممتاز یارالدولہ کی اراضی پر میڈیکل کالج کے قیام کی درخواست کی ۔ جماعت اسلامی ذمہ داروں نے اقامتی اسکولوں کو سوسائٹی کے بجائے حکومت کے تحت کرنے اور اوورسیز اسکالرشپ اسکیم پر موثر عمل کی تجویز پیش کی۔ مشتاق ملک نے اقلیتوں سے وعدوں کی تکمیل اور اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے اقدامات کی تجویز پیش کی۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ پرانے شہر کی ترقی کیلئے انہوں نے میٹرو ریل کو پرانے شہر سے گزارنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میاں پور سے ایرپورٹ تک میٹرو ریل پرانے شہر سے ہوکر گزریگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرپورٹ پر رشتہ داروں کو وداع کرنے اور استقبال کیلئے پرانے شہر سے کافی لوگ ایرپورٹ جاتے ہیں، لہذا یہ پراجکٹ کامیاب رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ پرانے شہر کی ترقی کے تحت وہ موسیٰ ندی کو خوبصورت بنانے و سیاحتی مرکز میں تبدیل کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں تاکہ نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر کے عوامی نمائندوں سے مشاورت اور اعتماد میں لے کر ترقیاتی منصوبہ پر عمل کیا جائیگا ۔ مولانا خسرو پاشاہ نے لوگ سبھا انتخابات سے قبل ائمہ اور مؤذنین کے اعزازیہ میں اضافہ کی تجویز پیش کی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مسلم نمائندوں کے مزید اجلاس ہونگے ۔ انہوں نے مسلم نمائندوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی تجاویز شاہنواز قاسم کو پیش کریں تاکہ انہیں اسکیم کی شکل دینے میں مدد ملے۔ ریونت ریڈی نے ریاستی کابینہ میں عنقریب مسلم نمائندگی دینے کا یقین دلایا۔