سرکاری اور خانگی جونیئر کالجس میں داخلوں کا آج سے آغاز

   

11 جولائی سے کلاسس ہوں گی، شیڈول کی اجرائی
حیدرآباد۔30۔ جون (سیاست نیوز) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے سرکاری ، امدادی ، خانگی اور اقامتی جونیئر کالجس میں تعلیمی سال 2022-23 ء کے لئے داخلوں کے پہلے مرحلہ کا شیڈول جاری کیا ہے۔ سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن سید عمر جلیل نے تمام کالجس سے اپیل کی ہے کہ وہ شیڈول کے مطابق داخلے انجام دیں۔ پہلے مرحلہ کے لئے داخلہ فارمس کی اجرائی کا یکم جولائی کو آغاز ہوگا۔ 11 جولائی سے کلاسس کا آغاز ہوگا جبکہ 17 اگست کو پہلے مرحلہ کے داخلے مکمل کرلئے جائیں گے ۔ داخلوں کے دوسرے مرحلہ کا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا ۔ فرسٹ ایئر انٹرمیڈیٹ کلاسس کا 11 جولائی سے آغاز ہوگا اور کالجس کے پرنسپل انٹرنیٹ مارکس میمو کی بنیاد پر داخلہ دے سکتے ہیں۔ داخلوں کے سلسلہ میں ایس سی طبقہ کیلئے 15 فیصد تحفظات رہیں گے۔ اس کے علاوہ ایس ٹی 6 فیصد ، بی سی 29 فیصد ، بی سی ای 4 فیصد ، معذورین 3 فیصد ، این سی سی اسپورٹس 5 فیصد ، سابق فوجی ملازمین 3 فیصد اور معاشی طور پر پسماندہ طبقات کیلئے 10 فیصد تحفظات رہیں گے۔ لڑکیوں کیلئے 33.3 فیصد نشستیں مختص کی جائیں گی۔ طلبہ اور سرپرستوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ صرف بورڈ سے ملحقہ کالجس میں داخلہ لیں۔ر