رکن پارلیمنٹ ناما ناگیشور راؤ کی انسانی ہمدردی
کے ٹی آر نے گاڑیوں کو جھنڈی دکھائی
حیدرآباد۔ لوک سبھا میں ٹی آر ایس کے فلور لیڈر اور رکن پارلیمنٹ کھمم ناما ناگیشورراؤ نے سرکاری دواخانوں میں طبی سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے 1.23 کروڑ کے صرفہ سے 6 ایمبولنس گاڑیوں کا عطیہ دیا ہے۔ کھمم کے سرکاری دواخانوں میں یہ ایمبولنس گاڑیاں استعمال کی جائیں گی۔ پرگتی بھون میں وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے ایمبولنس گاڑیوں کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ کے ٹی آر نے ناگیشور راؤ سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے انسانی ہمدردی کے جذبہ کے تحت یہ کام انجام دیا ہے۔ کے ٹی آر نے رکن پارلیمنٹ کی جانب سے دیئے گئے عطیہ کی ستائش کرتے ہوئے ٹوئیٹ بھی کیا۔ محکمہ صحت کو یہ گاڑیاں حوالے کردی گئیں جن کا استعمال ضلع کھمم میں مریضوں اور حادثات کے زخمیوں کو منتقل کرنے کیلئے ہوگا۔ ایمبولنس میں آکسیجن اور وینٹلیٹر جیسی اہم سہولتیں فراہم کی گئی ہیں تاکہ دواخانہ کو منتقلی کے دوران زخمیوں کی زندگی بچائی جاسکے۔ اسمبلی حلقہ جات کتہ گوڑم، ستو پلی، وائرا، مدھیرا اور اشواراؤ پیٹ میں یہ ایمبولنس گاڑیاں متعین رہیں گی۔ کے ٹی راما راؤ نے جولائی میں ایمبولنس گاڑیوں کے عطیہ سے متعلق مہم کا آغاز کیا تھا جس کے تحت مختلف وزراء اور عوامی نمائندوں نے اپنے طور پر گاڑیوں کا عطیہ دیا ہے۔