اسٹاف کی تفصیلات طلب ، ادخال تفصیلات کی آج آخری تاریخ ، حکومت تلنگانہ سے مکتوب کی اجرائی
حیدرآباد۔8۔جنوری(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے تمام محکمہ جات کو روانہ کردہ مکتوب میں اس بات کی ہدایت دی کہ وہ اپنے محکمہ جات میں اخراجات کو کم کرنے کے اقدامات کریں اور محکمہ فینانس کو روانہ کئے جانے والے بجٹ تجاویز میں اخراجات کو کم کرتے ہوئے پیش کیا جائے ۔ تمام محکمہ جات ‘ کارپوریشن و دیگر ادارہ جات کو روانہ کئے گئے مکتوب میں واضح رہنمایانہ خطوط جاری کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ جات کو ان کے پاس موجود گاڑیوں ‘ اسٹاف ‘ بالخصوص کنٹراکٹ کے اساس پر خدمات انجام دینے والے اسٹاف ‘ درکار اسٹاف ‘ کے علاوہ دیگر اخراجات کی مکمل تفصیلات روانہ کرنی ہوگی اور محکمہ فینانس کی جانب سے اگر ان کی تجاویز پر استفسار کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں جواب دینے کے لئے تیار رہنا چاہئے ۔ ریاستی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری کے ساتھ ہی محکمہ جات کے عہدیداروںکو اس بات کا پابند بنانے کا عمل شروع کردیا ہے اور انہیں کہا جا رہاہے کہ وہ اپنے طور پر محکمہ کے اخراجات میں کمی لانے کے اقدامات کے سلسلہ میں حکومت کو واقف کروائیں۔حکومت کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات میں یہ بھی کہا گیا کہ تمام محکمہ جات اور ادارۂ جات ان کی جانب سے حاصل کئے گئے قرضہ جات کی تمام تفصیلات حکومت کو روانہ کریں ۔حکومت کی جانب سے حقیقت پر مبنی بجٹ پیش کرنے کے اعلان کے بعد کہا جا رہا تھا کہ حکومت کی جانب سے بجٹ میں تخفیف کے اقدامات کئے جائیں گے ۔مکتوب میں ان سے دریافت کیا گیا ہے کہ ان کے مکمل اخراجات بشمول زیر استعمال گاڑیاں‘ آفس اسٹیشنری‘ اور آؤٹ سورس خدمات کی ضرورت پر مشتمل تمام تفصیلات معہ جواز پیش کریں تاکہ حکومت کی جانب سے بجٹ کی تخصیص میں کوئی کمی نہ کی جائے ۔ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد ریاست میں پیداشدہ معاشی بحران کی صورتحال اور گذشتہ 10 برسوں کے دوران کئے جانے والے اخراجات کے متعلق بھی تمام تفصیلات طلب کی گئی ہیں اور تمام محکمہ جات کو اس بات کا پابند بنایا گیا ہے کہ وہ 9 جنوری کی شام تک اپنے تمام اخراجات اور درکار بجٹ کی تفصیلات و تجاویز حکومت کو پیش کردیں تاکہ محکمہ فینانس کی جانب سے 11جنوری تک تمام محکمہ جات کے اخراجات و تجاویز کا جائزہ لینے کے بعد ان سے تفصیلات طلب کی جاسکیں۔محکمہ فینانس نے واضح کیا کہ اگر کسی محکمہ یا ادارہ کی جانب سے تاخیر سے بجٹ تجاویز وصول ہوتی ہیں یا تخمینہ درست نہیں ہوگا تو ایسی صورت میں ان کے بجٹ میں کوئی تبدیلی کی گنجائش نہیں ہوگی اسی لئے تمام محکمہ جات کے عہدیداروں کو قبل از وقت اپنے محکمہ اور ادارہ کو درکار بجٹ کے لئے فوری طور پر تجاویز پیش کرنی چاہئے ۔3