سرینا ولیمز سیلف میڈ ارب پتی بننے والی پہلی ایتھلیٹ

   

نیویارک۔ 8جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمز یوں تو ٹینس کورٹ میں ہمیشہ اپنی حریف کھلاڑیوں کو مزے چکھاتی نظر آتی ہیں، تاہم اس بار انہوں نے ایک اور شعبے میں کئی خواتین کو پیچھے چھوڑ دیا۔سرینا ولیمز نے امریکہ کی سیلف میڈ ارب پتی خواتین کی فہرست میں جگہ بناتے ہوئے پہلی ارب پتی ایتھلیٹ کا اعزاز حاصل کرلیا۔امریکی شہرہ آفاق اقتصادی جریدے ’فوربز‘ کی جانب سے امریکہ کی ارب پتی سیلف میڈ خواتین کی جاری کردہ تازہ فہرست میں سرینا ولیمز بھی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی ہے۔فوربز کے مطابق سرینا ولیمز امریکہ کی وہ واحد ایتھلیٹ خاتون ہیں جو سیلف میڈ ارب پتی بنی ہیں۔فوربز گذشتہ کچھ عرصے سے ’سیلف میڈ ارب پتی‘ بننے والی شخصیات کی فہرست جاری کردہ ہے۔اس فہرست میں ان افراد کو شمار کیا جاتا ہے جو اپنی ذہانت اور اپنی محنت سے دولت کمانے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔اس بار ادارے کی جانب سے جاری کی گئی فہرست میں سرینا ولیمز واحد ایتھلیٹ ہیں جو ارب پتی خواتین کی فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی ہیں۔رپورٹ کے مطابق سرینا ولیمز کی مجموعی دولت 22 کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالر ہے جو پاکستانی 25 ارب روپے سے زائد بنتی ہے۔