سرینواس ریڈی صدر میڈیا اکیڈیمی تلنگانہ

   

محمد ریاض احمد
کے سرینواس ریڈی کا شمار ملک صحافیوں کے حقوق کے نگہبان کے ایسے بزرگ قابل احترام صحافیوں میں ہوتا ہے جنہوں نے زندگی بھر ٹریڈ یونین لیڈر کے طور پر صحافیوں کے مسائل کی یکسوئی کیلئے جدوجہد کی ہے ۔ حکومت تلنگانہ نے انہیں ریاستی میڈیا اکیڈیمی کا صدرنشین مقرر کیا ہے ۔ آج وہ کامیابی کے جس مقام پر پہنچے ہیں اس کیلئے ان کی سخت محنت و جہدکا اہم کردار رہا ہے ۔ ضلع نلگنڈہ کے ایک چھوٹے سے گاوں پلے پہاڑ سے تعلق رکھنے والے کے سرینواس ریڈی کی پیدائش 7 ستمبر 1949کو کسانوں اور مجاہدین آزادی کے ایک خاندان میں ہوئی ۔ گریجویشن کی تکمیل کے بعد 21 سال کی عمر میں سرینواس ریڈی نے اپنے دور کے مشہور و معروف تلگو روزنامہ ’’ وشال آندھرا ‘‘ میں اسٹاف رپورٹر کی حیثیت سے شمولیت اختیار کرتے ہوئے صحافت میں اپنے پیشہ وارانہ کیریئر کا آغاز کیا اپنے طویل اور کامیاب صحافتی سفر میں وہ اسٹاف رپورٹر سے ترقی کرتے ہوئے عہدہ ایڈیٹر پر فائز ہوئے بعد میں انہوں نے تلگو روزنامہ منا تلنگانہ میں ایڈیٹر کی حیثیت سے نمایاں خدمات انجام دی فی الوقت حیدرآباد سے شائع ہونے والے پرجایکشم جیسے تلگو روزنامہ کے مدیر کی ذمہ داری سنبھالے ہوئے ہیں ۔ سرینواس ریڈی کو اس بات کا اعزاز حاصل ہے کہ وہ 50 سال سے زائد عرصہ سے تلگو صحافت کے میدان کی نہ صرف خدمت میں مصروف ہیں بلکہ اس کی ترقی و ترویج میں بھی نمایاں کردار ادا کررہے ہیں وہ اپنی پیشہ وارانہ صحافت اور صحافتی اخلاقیات کے باعث صحافتی حلقوں میں قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں ۔ جہاں تک ٹریڈ یونینوں کی تحریکوں میں ان کے کردار ، جوش و خروش کا سوال ہے ایک طالبعلم کی حیثیت سے مسٹر سرینواس ریڈی حیدرآباد اسٹوڈنٹس یونین (HSU) اور پھر آل انڈیا اسٹوڈنٹ فیڈریشن (AISF) میں بہت سرگرم رہے جیسے ہی انہوں نے میدان صحافت میں قدم رکھا تحریکوں کو منظم کرنے سے متعلق ان کا جذبہ آندھراپردیش یونین آف ورکنگ جرنلسٹس کی سرگرمیوں میں سرگرم حصہ لینے کا باعث بنا ۔ اے پی یو ڈبلیو جے کو ملک میں صحافیوں کی سب سے بڑی یونین ہونے کا شرف حاصل رہا اس طرح APUWJ کے ذریعہ انہوں نے پیشہ وارانہ ٹریڈ یونین تحریکوں میں اپنا طویل سفر طے کیا ۔ سرینواس ریڈی کی صحافتی اور ٹریڈ یونین صلاحیتوں کا ہر کوئی متعارف ہے چنانچہ انہوں نے APUWJ کے جنرل سکریٹری اور صدر کی حیثیت سے طویل خدمات انجام دینے کا ریکارڈ قائم کیا ۔ سرینواس ریڈی نے غیر منقسم آندھراپردیش میں صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی بہبود بشمول امکنہ کیلئے مسلسل جدوجہد کی ان کی انتھک محنت ہی انہیں قومی سطح پر پہنچایا اور پھر انہوں نے انڈین جرنلسٹس یونین (IJU) کے سکریٹری جنرل اور صدر کی حیثیت سے زائد از 20 برسوں تک خدمات انجام دیں اور نئی قیادت کو ابھارنے کے ارادہ سے نوجوان صحافیوں کی حوصلہ افزائی کی تاہم حالیہ برسوں میں قومی سطح پر آزادی صحافت کے خلاف جو حالات پیدا ہوئے ۔ انہوں نے اور دوسرے صحافیوں نے یہ ضروری سمجھا کہ صحافیوں کی قومی قیادت کا فرض نبھانا ان کیلئے ضروری ہے چنانچہ سردست وہ انڈین جرنلسٹس یونین کے صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ سرینواس ریڈی نے زندگی بھر آزادی صحافت اور آزادی اظہار خیال کے ساتھ ساتھ صحافیوں کی طرز زندگی اور کام کے حالات میں بہتری لانے کی جدوجہد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔ان کی پیشہ وارانہ ٹریڈ یونینوں کے تئیں نمایاں خدمات کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ انہیں پریس کونسل آف انڈیا کے دو مرتبہ رکن رہنے کا اعزاز بھی حاصل رہا ۔انہوں نے سنٹرل پریس اکریڈیشن کمیٹی (CPAC) میں بھی آئی جے یو کی نمائندگی کی ۔ کے سرینواس ریڈی کے بارے میں آپ کو یہ بتانا ضروری سمجھتے ہیں کہ وہ پریس اکیڈیمی آندھراپردیش ( غیر منقسم ریاست ) کے بانی صدرنشین معہ کابینی درجہ بھی رہے جس کے ذریعہ انہوں نے APUWJ کے توسط سے ریاست میں صحافیوں کی پیشہ وارانہ تربیت کو یقینی بنایا تاکہ معیار صحافت کو بلند کیا جائے ۔ پریس کونسل کے رکن کی میعاد کے دوران سرینواس ریڈی نے پیڈ نیوز سے متعلق کمیٹی کی قیادت کی اور ایک تفصیلی رپورٹ پیش کی جس کی تمام گوشوں بشمول پارلیمنٹ نے ستائش کی ۔ اس بارے میں حقیقت یہ ہیکہ وہ مسٹر سرینواس ریڈی ہی ہیں جنہوں نے Paid News کی اصطلاح پیش کی انہیں امریکہ ، روس ، چین اور کیوبا جیسے ملکوں کے دورہ کا بھی اعزاز حاصل رہا جہاں مختلف پلیٹ فارمس پر انہوں نے اپنی یونین کی نمائندگی کی وہ دو وزرائے اعظم کے ساتھ ان کے بیرونی دوروں میں بھی شامل رہے جن میں ڈاکٹر منموہن سنگھ بھی شامل ہیں انہیں تقریباً ہر ٹی وی نیوز چیانل پر سیاسی تجزیہ نگار کے طو رپر پیش ہونے کا بھی اعزاز حاصل رہا ۔ انہیں دونوں تلگو ریاستوں آندھراپردیش و تلنگانہ میں انتہائی قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ آندھراپردیش کی تقسیم سے قبل APUWJ نے میڈیا ایجوکیشن فاؤنڈیشن انڈیا (MEFI) قائم کی اس کے بانی ٹرسٹی اور صدرنشین کی حیثیت سے بھی سرینواس ریڈی نے نمایاں خدمات انجام دی ۔