سری لنکا میں لکڑیاں جلا کر کھانا پکانے کا دور واپس

   

کولمبو : بدترین معاشی بحران سے دوچار سری لنکا میں ادویات سے لے کر گیس تک ہر چیز کی قلت ہے۔ کسی وقت میں نسبتاً متمول سمجھے جانے والے ملک میں اب شہری لکڑیاں جلا کر کھانا پکانے کے دور کی جانب لوٹ رہے ہیں۔خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق دو کروڑ 20 لاکھ آبادی کے ملک میں زیادہ تر افراد کے لیے گھروں میں گیس ناپید ہو گئی ہے جبکہ جہاں دستیاب ہے وہاں اس کی قیمت بہت زیادہ بڑھ چکی ہے۔بعض سری لنکن شہریوں نے کھانا پکانے کے لیے مٹی کے تیل کے چولہے خرید لیے ہیں تاہم حکومت کے پاس پٹرولیم مصنوعات کی درآمد کے لیے زرمبادلہ نہ ہونے کے باعث کیروسین آئل بھی دستیاب نہیں۔جن افراد نے بجلی سے چلنے والے الیکٹرک کْکر لیے اْن کو بھی دھچکا لگا ہے کیونکہ بجلی کی بلاتعطل فراہمی ممکن بنانا بھی سری لنکا کی حکومت کیلئے مشکل ہے۔