سری لنکا کی سالانہ ایوارڈز تقریب جمعہ کو کولمبو میں ہوگی

   

کولمبو، 5 اگست (آئی اے این ایس) سری لنکا کرکٹ (ایس ایل سی) جمعہ کو کولمبو میں اپنے سالانہ کرکٹ ایوارڈز 2025 کی شاندار تقریب کا انعقاد کرے گا، جس میں 2025 کے سیزن کے دوران بین الاقوامی اور فرسٹ کلاس کرکٹ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے مردو خواتین کھلاڑیوں کو اعزازات سے نوازا جائے گا۔اس باوقار تقریب میں مجموعی طور پر 42 نمایاں کھلاڑیوں کو مختلف زمروں میں ایوارڈز دیے جائیں گے۔ تقریب کی سب سے اہم کشش سال کے بہترین مرد کرکٹر اور سال کی بہترین خاتون کرکٹر کے ایوارڈز ہوں گے، جنہیں سیزن کی بہترین مجموعی کارکردگی پر دیا جائے گا۔سری لنکا کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایشلے ڈی سلوا نے کہا کہ سالانہ ایوارڈز کی تقریب 2025 کے دوران کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا بہترین موقع ہے اور بورڈ کو اس تقریب کے انعقاد پر خوشی ہے۔تقریب کے دوران کرکٹ کی ترقی میں غیر معمولی خدمات انجام دینے پر چار لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈز بھی دیے جائیں گے، جن میں دو سابق ممتاز کرکٹرز اور دو سینئر اسپورٹس صحافیوں کو ان کی طویل خدمات کے اعتراف میں اعزاز سے نوازا جائے گا۔

جوزف اور سیمی سے اختلافات ختم کرنے کی اپیل
پورٹ آف اسپین، 5 اگست (آئی اے این ایس) ویسٹ انڈیز کے عظیم سابق بیٹر سر ویوین رچرڈز نے فاسٹ بولر الزاری جوزف اور ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے باہمی اختلافات کو ختم کرتے ہوئے ایک دوسرے کے لیے احترام اور اعتماد کی فضا دوبارہ قائم کریں۔یہ تنازعہ اس وقت سامنے آیا جب الزاری جوزف نے ذاتی وجوہات کی بنا پر پاکستان کے خلاف جاری دو ٹسٹ میچوں کی سیریز سے دستبرداری اختیار کی۔ اس پر ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی نے کہا تھا کہ فاسٹ بولر نے سلیکشن قبول کرنے سے انکار کیا، جس پر جوزف نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ بیان سیاق و سباق کے بغیر دیا گیا اور غیر ضروری تنازعہ کا باعث بنا۔اس وقت ویسٹ انڈیز کو پاکستان کے خلاف دو ٹسٹ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے، جبکہ دوسرا ٹسٹ جاری ہے ۔