جے پور، 13 جون (یو این آئی) سری لنکا کی فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل بی کے جی ایم ایل روڈریگو نے جمعرات اور جمعہ کے روز سپت شکتی کمان جے پور کا دو روزہ دورہ کیا۔ لیفٹیننٹ جنرل روڈریگو کا استقبال آرمی کمان کے ساؤتھ ویسٹرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل منجندر سنگھ نے کیا۔ سری لنکائی فوج کے کمانڈر نے آرمی کمانڈر اور ساؤتھ ویسٹرن کمانڈ کے افسران سے بات چیت کی اور قیمتی معلومات اور تجربات کا تبادلہ کیا۔ دونوں جنرل افسران نے علاقائی سلامتی، مشترکہ تربیتی اقدامات، صلاحیت سازی اور بہترین طریقوں کے باہمی تبادلے پر گفتگو کی۔ لیفٹیننٹ جنرل روڈریگو نے آلات کی نمائش اور انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں سے متعلق جنگی مظاہرہ کا بھی مشاہدہ کیا۔ لیفٹیننٹ جنرل روڈریگو نے فوجی اور ثقافتی مقامات کا دورہ کیا جہاں انہوں نے راجستھان کے بھرپور فوجی اور ثقافتی وراثت کا مشاہدہ کیا۔ ان کا دورہ سری لنکا اور ہندوستان کے درمیان مضبوط دفاعی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے جو دہائیوں کی مشترکہ تاریخ، باہمی اعتماد اور علاقائی شراکت داری پر استوار ہے۔