سری لنکا کے خلاف انگلینڈ 7 وکٹوں سے کامیاب

   


گال : جانی بیرسٹو اور ڈان لارینس نے اپنے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے 52 رنز کی پارٹنر شپ نبھائی جس کی بدولت انگلینڈ نے یہاں کھیلے گئے پہلے ٹسٹ کے پانچویں دن 7 وکٹوں کی کامیابی حاصل کرلی ہے۔ انگلینڈ جسے کامیابی کیلئے 74 رنز درکار تھے لیکن گذشتہ روز ہی اس کی تین وکٹیں اس وقت گر گئی تھیں جب وہ صرف 14 رنز ہی اسکور کرپائی تھی۔ انگلینڈ کو آج آخری دن مقابلہ میں کامیابی کے ساتھ سیریز میں 1-0 کی سبقت کیلئے 36 رنز درکار تھے، اس نے آج کوئی اور وکٹ گنوائے بغیر مطلوبہ نشانہ حاصل کرلیا۔ بیرسٹو 65 گیندوں میں ناقابل تسخیر 35 رنز بنائی۔ لارینس جنہوں نے پہلی اننگز میں نصف سنچری اسکور کی۔ انہوں نے ناٹ آؤٹ 21 رنز بنائے۔ سری لنکا کو اس وقت مزید ایک وکٹ حاصل کرنے کا موقع ملا جب 38 رنز کے مجموعی اسکور پر بیرسٹو میزبان آف اسپنر دل رو ورل پریرا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے تھے لیکن ٹیم کے قائم مقام کپتان دنیش چنڈیمل نے ریویو نہیں لیا۔ بعدازاں بیرسٹو نے پریرا کی گیند پر چوکا لگاتے ہوئے ٹیم کی کامیابی کو یقینی بنایا۔ یاد رہے سری لنکائی ٹیم پہلی اننگز میں 135 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی تاہم اس نے دوسری اننگز میں 359 رنز اسکور کئے لیکن انگلینڈ کی جانب سے پہلی اننگز میں 421 رنز بنائے گئے تھے جس کی وجہ سے اسے 286 رنز کی ہمالیائی سبقت حاصل ہوئی تھی۔ دوسرا ٹسٹ گال میں ہی جمعہ کو شروع ہوگا جبکہ 2018ء میں جب انگلینڈ نے سری لنکا کا دورہ کیا تھا تو 3 مقابلوں کی سیریز اس نے 3-0 سے اپنے نام کی تھی۔