سری لنکا 154 رنزپر ڈھیر

   

پورٹ الزبتھ۔22 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) سیریز کے دوسرے ٹسٹ میں بہتر شروعات کے باجود مہمان ٹیم 154رنز پر ڈھیر ہوکر جنوبی افریقہ کے خلاف سبقت کا موقع گنوادیا۔ قبل ازیں سری لنکائی بولروں وشوا فرنینڈو اورکاسون راجیتھا نے فی کس تین وکٹیں لے کر ایک مرتبہ پھر جنوبی افریقہ کو پریشان کردیا جو پہلی اننگز میں 222 رنز بنا سکی جس میں کوئنٹن ڈی کوک کے 86 رنز اہم رہے۔ سینٹ جارج پارک پر دوسرے ٹسٹ کے آغاز پر ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ جنوبی افریقہ کیلئے بہتر ثابت نہیں ہوا جس کی ابتدائی چار وکٹیں محض 73 رنز پر گر گئیں جس میں کپتان فاف ڈوپلیسی ہی25 رنز بنا سکے تاہم اس موقع پر ایڈن مارکرم اور کوئنٹن ڈی کوک نے اسکور کو 130 تک پہنچا یا تھا تو اس موقع پر ایڈن مارکرم بھی نو چوکوں سمیت 60 رنز بنا کر لوٹ گئے اورکگیسو ربادا نے 22 رنز بنا کر کوئنٹن ڈی کوک کا ساتھ نبھایا جنہوں نے 86 رنز میں بارہ چوکے لگا کر اپنی ٹیم کو222 رنز تک پہنچایا جو چھ رنز کے فرق سے آخری تین وکٹیں گنوا بیٹھی۔ سری لنکا کی جانب سے وشوا فرنانڈو اورکاسون راجیتھا نے فی کس تین جبکہ دھنن جایا ڈی سلوا نے دوکھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔