سزائے موت کیخلاف ہندوستانی نرس کی اپیل یمن کی عدالت میں مسترد

   

صنعا:یمن کی سپریم کورٹ نے 2017 میں یمنی شہری کے قتل کے الزام میں قید ایک ہندوستانی نرس نمشا پریا کی سزائے موت کے خلاف اپیل کو مسترد کر دیا ہے۔ مرکزی حکومت کے وکیل نے آج دہلی ہائی کورٹ میںایک سماعت کے دوران اس پیش رفت کی تصدیق کی۔کیرالا کے پلکاڈ کی رہنے والی نمیشا پریا کو طلال عبدو مہدی کو قتل کرنے اور نعش کے ٹکڑے کرکے باقیات کو یمن میں اس کی رہائش گاہ پر پانی کے ٹینک میں ٹھکانے لگانے کا قصوروار پایا گیا تھا۔ نمشا پریا جو کہ 2015 سے یمن میں طلال کے ساتھ کلینک چلا رہی تھی نے دعویٰ کیا کہ اس نے اسے دو سال تک تشدد کا نشانہ بنایا اور پاسپورٹ چھین لیا تھا اس طرح اس کی گھر واپسی ناممکن ہو گئی تھی اور یہ کہ قتل غیر ارادی تھا۔ اس نے وضاحت کی کہ ایک انجیکشن کے ذریعہ بیہوش کرکے اپنا پاسپورٹ حاصل کرنا چاہتی تھی لیکن وہ گر کر مر گیا۔