سعودیہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ فلم سوسائٹی کا قیام

   

ریاض۔ سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ فلموں کی پیشہ ورانہ سوسائٹی قائم کردی گئی۔ عرب میڈیا کے مطابق مملکت کی پہلی فلموں کی پیشہ ورانہ سوسائٹی کے قیام کا یہ اقدام ‘ثقافتی پیشہ ورانہ سوسائٹیز کی تاسیس” کے منصوبے کے تحت عمل میں لایا گیا ہے کیوں کہ سعودی وزارت ثقافت نے اپنی نئی حکمت عملی کے نتیجے میں 13 ثقافتی سیکٹروں میں 16 پروفیشنل سوسائٹیز کے قیام کا ہدف مقرر کیا ہے۔اس حوالے سے پروفیشنل فلم سوسائٹی کے مینجمنٹ بورڈ کے چیئرمین مشعل المطیری نے کہا ہے کہ یہ سوسائٹی ایک پیشہ ورانہ ادارہ ہے جو فلم سازی کے حوالے سے آگاہی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔واضح رہے کہ سعودی عرب کئی دہائیوں تک مغربی ممالک کی نظر میں ایک قدامت پرست مملکت کے طورپر مشہور رہا ہے تاہم مملکت کے موجودہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے گزشتہ تین سالوں کے دوران سعودی عرب کا امیج خاصی حد تک بدل ڈالاہے، یہاں اب فلموں کی نمائش کے علاوہ کانسرٹس اور بین الاقوامی فلم میلے منعقد ہو رہے ہیں، سینما گھر کھول دیئے ہیں اور کئی تفریحی سرگرمیاں بھی زور و شور سے جاری ہیں۔