سعودی طالبعلم کی فائرنگ، 3امریکی اہلکار ہلاک، سلمان کا ٹرمپ کو فون

   

شاہ سلمان کی امریکہ کے ساتھ تعاون کی سکیورٹی ایجنسیوں کو ہدایت
پینسا کولا کے بحری ایئراسٹیشن کے کلاس روم میں واقعہ پیش آیا
حملہ آور کی شناخت محمد سعید الشامرانی کی حیثیت سے ہوئی
فائرنگ سے قبل حملہ آور نے چیخ چیخ کر کہا ’’امریکہ ایک شیطان ملک ہے ‘‘

واشنگٹن ۔ 7 ڈسمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کی ریاست فلوریڈا کے شہر پینساکولا میں واقع بحری اڈہ میں فوجی تربیت حاصل کرنے کیلئے جانے والے سعودی طالبعلم نے گزشتہ روز فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 3 اہلکار ہلاک ہو گئے، جوابی فائرنگ میں حملہ آور بھی مارا گیا۔فلوریڈا کے گورنر نے تصدیق کی ہے کہ حملہ آور کا تعلق سعودی عرب سے تھا جس کی شناخت محمد سعید الشامرانی کے نام سے ہوئی ہے جو اس بحری اڈے پر تربیت حاصل کر رہا تھا۔فائرنگ کا واقعہ پینساکولا کے نیول ایئر اسٹیشن کے کلاس روم میں پیش آیا جس کے نتیجے میں 8 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔زخمیوں میں حملہ آور سے مزاحمت کرنے والے 2 ڈپٹی شیرف بھی شامل ہیں جن میں سے ایک کے گھٹنے اور دوسرے کے بازو میں گولی لگی ہے، واقعے کے تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔ اسکیمبیا کاؤنٹی کے شیرف ڈیوڈ مورگن کے مطابق ایک ڈپٹی شیرف کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں حملہ آور مارا گیا ہے جبکہ واقعے کے بعد متاثرہ عمارت کو بند کر دیا گیا ہے۔پینساکولا کے نیول ایئر اسٹیشن کے کمانڈنگ افیسر ٹموتھی کنسالا نے بتایا کہ سعودی شہری ہوابازی کی تربیت حاصل کر رہا تھا۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق چھ سعودی شہریوں کو حراست میں لیا گیا ہے ان میں تین وہ بھی ہیں جو اس سارے واقعے کی فلم بندی کر رہے تھے۔ امریکی حکام نے اس واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔امریکی حکام کے مطابق حملہ آور 9 ایم ایم کے گلوک پسٹل سے مسلح تھا۔

دریں اثناء یہ بھی کہا گیا ہیکہ سعودی حملہ آور نے گولی چلانے سے قبل چیخ چیخ کر امریکہ کو ایک شیطان ملک کہا ۔ ٹوئٹر پر امریکی صدر نے کہا کہ سعودی شاہ سلمان نے انہیں فون کر کے اس واقعے پر شدید صدمے اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کے اہلخانہ اور دوستوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عوام اس وحشیانہ اقدام پر حملہ آور پر سخت برہم ہیں اور یہ شخص کسی بھی طرح امریکیوں سے محبت کرنے والے سعودی عوام کے جذبات کی نمائندگی نہیں کرتا۔انھوں نے ملک کی سکیورٹی ایجنسیوں کو امریکہ کے فلوریڈا میں بحریہ کے اڈے پر فائرنگ کے واقعہ کی تحقیقات میں امریکی تفتیشی ایجنسیوں کے ساتھ تعاون کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ واشنگٹن میں واقع سعودی عرب کے سفارت خانے نے کل ایک بیان جاری کر کے کہا کہ شاہ سلمان نے ملک کی سکیورٹی ایجنسیوں کو امریکہ کی متعلقہ ایجنسیوں کو معلومات فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے ، جس سے اس خوفناک حملے کی تحقیقات میں مدد مل سکے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب کے ایک ’ٹرینی پائلٹ‘ نے فلوریڈا میں واقع بحریہ کے اڈے پر خود کو گولی مارنے سے پہلے تین افراد کا فائرنگ کر قتل کر دیا تھا ۔شاہ سلمان نے صدر ٹرمپ سے بات کرتے ہوئے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا تھا اور تحقیقات میں مکمل تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی ۔