سعودی عرب اور ایران کا پروازیں بحال اور شہریوں کو ویزے میں سہولت پر اتفاق

   

ریاض ؍ تہران : سعودی عرب اور ایران نے دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازیں شروع کرنے اور شہریوں کو ویزے کی سہولت فراہم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔عرب نیوز کے مطابق جمعرات کو چین کے دارالحکومت بیجنگ میں دونوں ممالک کی جانب سے مشترکہ بیان جاری کیا گیا ہے۔چینی وزیر خارجہ کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان اور ایرانی وزیر خارجہ عامر عبدالہیان نے ملاقات کی جس کے بعد انہوں نے مشترکہ بیان جاری کیا۔پروازوں کی بحالی کے ساتھ ساتھ معاہدے میں دونوں ممالک کی تہران اور ریاض میں سفارت خانے کے ساتھ ساتھ مشہد اور جدہ میں قونصل خانوں کھولنے کی تفصیلات شامل ہیں۔ جبکہ پروازوں اور عمرہ ویزوں کی بحالی پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔بیان کے مطابق دونوں ممالک نے سفارتی تعلقات بحال کرنے پر بھی متفق ہوگئے تھے جس کے ساتھ حکام اور نجی وفود کے دوروں کا آغاز کیا جائے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد اور تعاون کا دائرہ کار کو توسیع دینے کے لیے بیجنگ معاہدے کو فعال کرنے پر زور دیا گیا ہے تاکہ خطے میں استحکام اور سکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔