سعودی عرب اور جرمنی کا اسٹریٹجک مذاکرات پر اتفاق

   

ریاض۔ 7 ستمبر (ایجنسیز) سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور ان کے جرمن ہم منصب یوہان وادے فول نے دونوں ممالک کے درمیان وزرائے خارجہ کی سطح پر اسٹریٹجک مذاکرات قائم کرنے پر اتفاق کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی سلامتی، بحری راستوں کی آزادی اور ریاض۔برلن تعلقات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق دونوں وزرا نے برلن میں ملاقات کی، جس کے دوران سعودی عرب اور جرمنی کے درمیان دیرینہ تعلقات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر بھی غور کیا گیا۔ملاقات میں خطہ کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقوں نے بین الاقوامی آبی گزرگاہوں کی سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ بحری آمدورفت کی آزادی کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں جانب سے آبنائے ہرمز کی معمول کی صورتحال بحال کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیاگیا۔ فریقین نے کہا کہ اس سے علاقائی سلامتی اور استحکام کو فروغ ملے گا اور بین الاقوامی تجارت کی روانی بھی یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ سعودی عرب اور جرمنی نے علاقائی اور بین الاقوامی بحرانوں کے حل کیلئے سفارتی اور پْرامن کوششوں کی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات بھی زیر بحث آئے۔ اس دوران باہمی تجارت کے حجم اور مختلف شعبوں میں تعاون و سرمایہ کاری کے مزید مواقع پیدا کرکے تجارت کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران شہزادہ فیصل بن فرحان اور یوہان وادے فول نے سعودی اور جرمن حکومتوں کے درمیان وزرائے خارجہ کی سطح پر اسٹریٹجک مذاکرات کے قیام کیلئے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط بھی کیے۔اس مذاکراتی نظام کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان مشاورت اور رابطہ کاری کو مضبوط بنانا اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے۔ملاقات میں سعودی وزارت خارجہ کے یورپی ممالک سے متعلق ڈائریکٹر جنرل عبدالرحمن الاحمد اور سعودی وزیر خارجہ کے مشیر محمد الیحییٰ بھی موجود تھے۔