سعودی عرب اور یو اے ای میں رمضان کا چاند نظر آگیا

,

   

ریاض: سعودی عرب میں رمضان المبارک کا چاند نظر آ گیا ہے اور ماہ صیام کا پہلا روزہ پیر یعنی کل ہوگا۔ عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب میں اتوار کو رمضان کا چاند دیکھا گیا ہے اور ماہِ رمضان کا پہلا روزہ یکم رمضان 1445 ہجری 11 مارچ 2024 پیر کو ہوگا۔قبل ازیں سعودی حکومت نے لوگوں کو چاند رات کو چاند دیکھنے کی تلقین کی تھی اور کہا تھا کہ اگر کسی کو بھی چاند نظر آئے تو وہ اس کی اطلاع مقامی عدالت کو دیں۔ سعودی عرب کے ساتھ متحدہ عرب امارات میں بھی پہلا روزہ پیر کو ہوگا اور اتوار سے تراویح کا آغاز ہو گیا۔تاہم عمان نے ملک میں چاند نظر نہ آنے کا اعلان کیا ہے اور پہلا روزہ 12 مارچ بروز منگل کو ہوگا۔ آسٹریلیا، ملائیشیا، فلپائن اور برونائی نے بھی پہلا روزہ 12 مارچ کو ہی رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
آسٹریلیا میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیںآ یا
سڈنی: آسٹریلیا میں رمضان کا چاند نظر نہیں آیا اس طرح آسٹریلیا میں پہلا روزہ بروز منگل 12 مارچ کو ہوگا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس بات کا اعلان سڈنی میں رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ آسٹریلیا کے مفتی اعظم نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ چاند کی کوئی شہادت نظر نہیں آئی اس لئے منگل کو پہلا روزہ ہوگا۔آسٹریلیا میں روزے کا دورانیہ 13 گھنٹے 58 منٹ کا ہوگا۔ اس کے علاوہ سعودی عرب میں رمضان المبارک کا چاند آج دیکھا گیا۔ اس طرح سعودی عرب میں پیر کو رمضان المبارک کا پہلا روزہ ہوگا۔
شعبہ فلکیاتی علوم کے سربراہ شرف السفیانی نے کہا تھا کہ آج چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں اور سعودی عرب میں چاند نظر آ گیا۔یوروپ کے بیشتر ممالک میں سعودی عرب میں چاند نظر آنے کے مطابق رمضان کا آغاز ہوتا ہے۔