ماسکو : روسی صدر ولادی میر پوٹن نے کہا کہ اسرائیل اور ایران کے درمیان حل تک پہنچنا ممکن ہے تاہم اس کو یقینی بنانا دشوار ہو گا۔ پوٹن نے یہ بات اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ چھڑنے کے امکان کے اندیشے پر تبصرے میں کہی۔ پوٹن نے کہا کہ ہم سعودی عرب کو ایک دوست ملک سمجھتے ہیں۔ میرا شاہ سلمان سے اچھا تعلق ہے، اسی طرح ولی عہد کے ساتھ بھی میرے مضبوط ذاتی مراسم ہیں۔ میں سعودی عرب کی سچائی پر یقین رکھتا ہوں (یوکرین کے ساتھ معاملے میں ثالثی کی حیثیت سے)، اگر سعودی عرب میں کانفرنس کا انعقاد ہوتا ہے ۔ تو یقینا یہ ہمارے لیے بھی اطمینان بخش جگہ شمار ہو گی۔ پوٹن نے کہا کہ یوکرین کو چاہیے کہ ماسکو سے بات چیت کے اجرا پر پابندی ختم کرے۔ روسی صدر نے باور کرایا کہ ان کا ملک یوکرین کے ساتھ گفتگو کیلئے تیار ہے ۔پوٹن نے روس یوکرین بحران کے حل کیلئے سعودی عرب کی کوششوں کو سراہا۔روسی صدر کے مطابق ماسکو یوکرین میں پر امن تصفیے کا خواہش مند ہے، تاہم انھوں نے کہا کہ ہم کامیابی کیلئے جنگ جاری رکھیں گے۔ پوٹن کے مطابق یوکرین میں جوہری ہتھیار بنانے کے کسی بھی اقدام کا مناسب رد عمل سامنے آئے گا۔