سعودی عرب میں درجہ حرارت 50 ڈگری ہونے کی پیش قیاسی

   

ریاض۔27 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) سعودی عرب میں محکمہ موسمیات نے کہاہے کہ بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت بڑھے گا اور گرمی 50 ڈگری تک پہنچ سکتی ہے۔تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات و تحفظ ماحولیات کے نائب سربراہ ڈاکٹر ایمن غلام نے کہا کہ یکم جون سے سعودی عرب میں گرمی شروع ہوگی اوردرجہ حرارت میں مسلسل اضافہ ہوگا۔ ڈاکٹر ایمن غلام نے مزید کہا کہ موسمی مشاہدات بتاتے ہیں کہ سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت بہت زیادہ بڑھ جائے گا۔ متعدد علاقوں خصوصا مشرقی علاقے میں 50 سینٹی گریڈ تک پہنچ جائیگا۔ کوہستانی علاقوں میں بارش کے بھی امکانات ہیں۔دریں اثناعید کے تیسرے دن مکہ، طائف، باحہ ، عسیر اور جازان میں کہیں بوندا باندی اور کہیں درمیانے درجے کی بارش ہوئی ہے۔کئی مقامات پر ڑالہ باری بھی ہوئی جبکہ القصیم کے مشرق اور جنوب مغرب، مدینہ منورہ کے مشرق و جنوب اور سلطنت عمان و یمن کے متعدد علاقوں میں بارش ہوئی۔حائل اور ریاض کے مغربی علاقوں میں گرد آلود ہواؤں کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق جازان علاقے میں گرد آلود ہواؤں کے بعد بارش سے سیلاب آیا۔ متعدد مقامات پر ڑالہ باری بھی ہوئی جبکہ گرد آلود ہواؤں سے حد نظر محدود ہوگئی تھی۔یادرہے کہ مکہ اور مدینہ شہر میں رمضان کے آخری عشرے کے دوران بارش اور گردآلود طوفان کا ایک سلسلہ رہا ہے۔