سعودی عرب میں منفرد اقامے کیلئے 5 نئی کیٹگریز

   

ریاض (کے این واصف) : ویژن 2030ء کے اہداف کے حصول کرنے مین مملکت کا ایک اور قدم، جس سے سعودی عرب مین مقیم یا آنے والے غیر ملکیون کو فائدہ ہوگا۔ منفرد اقامہ مرکز کے سربراہ ڈاکٹر ماجد بن عبد اللہ القصبی نے کہا ہے کہ منفرد اقامے کی 5 نئی کیٹگریز متعارف کرائی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ویژن اور ملک کو عالمی توجہ کا مرکز بنانے کیلئے نئی کیٹگریز متعارف کرائی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا ہیکہ 5 نئی کیٹگریز میں پہلی غیر معمولی کارکردگی کے حامل افراد کے لیے ہوگی جو ادارتی، صحت، علمی یا تحقیقی شعبوں میں غیر معمولی کارکردگی دکھانے کے قابل ہوں گے۔ دوسری کیٹگری ہنر مندی کی بنا پر ہوگی اور اس میں جو ثقافتی یا کھیلوں میں یا کسی بھی شعبے میں غیر معمولی ہنر مندی دکھانے کے قابل ہوں گے۔ تیسری کیٹگری انویسٹرز کے لیے ہوگی، چوتھی تجارتی اور پانچویں غیر منقولہ جائیداد کی ملکیت کے لیے ہوگی۔ انہوں نے کہا ہے کہ منفرد اقامہ کے حامل افراد کو سعودی عرب میں رہائش اور کام کرنے کے علاوہ دیگر متعدد سہولتیں حاصل ہوں گی۔