سعودی عرب میں چاند نظر نہیں آیا، کل عیدالفطر ہوگی

   

ریاض : سعودی عرب میں پیر 29رمضان المبارک کی شام عیدالفطر کا چاند نظر نہیں آیا لہذاعید الفطر چہارشنبہ 10 اپریل کو ہو گی۔ میڈیا کے مطابق تبوک، سدیر اور تمیر آبزریٹری کے ماہرین موسمیات کا کہنا ہے موجودہ موسمی صورتحال میں پیر کی شام شوال کا چاند نظر آنا ممکن نہیں ہے۔ایوان شاہی نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ منگل 9 اپریل رمضان المبارک کی 30 تاریح ہے اور چہارشنبہ 10 اپریل کو عیدالفطر ہوگی۔ سعودی سپریم کورٹ نے کہا تھا مملکت میں شوال کا چاند 8 اپریل کو دیکھا جائے۔کوئی بھی شخص شوال کا چاند خالی آنکھ سے یا دْوربین کے ذریعے دیکھے اور چاند نظر آجائے تو اس کی اطلاع قریبی عدالت کو دیں اور اپنا بیان ریکارڈ کرائیں۔سعودی عرب اور بیشتر عرب ممالک میں 11 مارچ کو رمضان کا آغاز ہوا۔ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، عمان، قطر، کویت، بحرین، مصر، ترکی اور ایران نے تمام مسلمانوں سے 8 اپریل کی شام چاند دیکھنے کی اپیل کی تھی۔