سعودی عرب نے افغانستان کیلئے انسانی امداد کا سامان بھیج دیا

   

ریاض : سعودی عرب کی جانب سے افغانستان کیلئے انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر امدادی سامان سے بھرے دو طیارے بھیجے گئے ہیں۔ یہ امداد پاکستان کے ذریعہ ٹرکوں میں افغانستان پہنچائی جائے گی۔ میڈیا کے مطابق جمعرات کو افغانستان کیلئے امدادی سامان سے بھرے دو طیارے روانہ ہوئے ہیں۔ سعودی پریس ایجنسی نے بتایا کہ ’کنگ سلمان ہیومنیٹیرئن امداد اور ریلیف سینٹر‘ کی جانب سے 65 ٹن تک کا امدادی سامان بھیجا گیا ہے، جس میں ایک ہزار 647 کھانے کی ٹوکریاں شامل ہیں۔ کابل پر طالبان کے قبضے کے بعد ریاض حکومت کی طرف سے امداد بھیجنے کا یہ پہلا موقع ہے۔اس امدادی تنظیم کے سربراہ عبداللہ الربیع نے بتایا ہیکہ سعودی عرب کے فضائی امدادی پروگرام کے تحت کل چھ طیاروں کے ذریعہ افغانستان کو 197 ٹن تک کا امدادی سامان فراہم کیا جائے گا۔ یہ امدادی سامان دو سو ٹرکوں میں ہمسایہ ملک پاکستان سے زمینی راستے کے ذریعے افغانستان تک پہنچایا جائے گا۔خلیجی عرب ممالک نے رواں ہفتے منگل کوریاض میں منعقدہ گلف کوپریشن کونسل کے سربراہی اجلاس کے دوران ’’افغان عوام کو انسانی امداد فراہم کرنے اور ان کے معاشی حالات کو بہتر بنانے کے لیے بین الاقوامی کوششوں کو متحرک کرنے میں کردار ادا کرنے‘‘ پر اتفاق کیا تھا۔