سعودی قومی فضائی کمپنی ’ریاض ایئر‘ کے طیارے کی آج نمائش

   

منفرد ڈیزائن کے طیاروں کی2025 کے اوائل سے پروازوںکا آغاز

ریاض : سعودی عرب کی نئی قومی فضائی کمپنی ’ریاض ایئر‘ پیر12 جون کو سعودی دارالحکومت میں اپنے منفرد ڈیزائن کے طیارہ کی نمائش کرے گی۔ بیان میں شہریوں اور مقیمین سے کہا گیا کہ وہ سعودی عرب کے اس تاریخی لمحے کو یادگار بنانے کے لیے اس کا مشاہدہ کریں۔ اس سے قبل ریاض ایئر نے اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر بوئنگ 787 طیارے کے نئے ڈیزائن کی تصاویر شیئر کی تھیں۔ ’ریاض ایئر کے طیارے منفرد ڈیزائن، جامنی رنگ اور نئے انداز سے متعارف کرائے گئے ہیں جو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور جدید جمالیاتی ذوق کا بہترین امتزاج ہے۔ طیارے کے ڈیزائن میں استعمال کیا گیا جامنی رنگ سعودی صحرا کے لیوینڈر پلانٹ کی نمائندگی کرتا ہے۔سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ریاض ایئر کمپنی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی جانب سے قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ریاض ایئر کی باقاعدہ پروازیں 2025 کے اوائل میں شروع ہوں گی جبکہ 2030 تک سو سے زیادہ ایئرپورٹس کیلئے سفر کی سہولت فراہم کرے گی۔ توقع کی جارہی ہیکہ تیل کے ماسوا ذرائع سے سعودی عرب کی مجموعی قومی پیداوار میں 75 ارب ریال تک کا اضافہ ہوگا۔ اس سے بالواسطہ اور راست روزگار کے دو لاکھ سے زیادہ مواقع حاصل ہوں گے۔