ٹوکیو: سعودی وزیر ثقافت اور بین الاقوامی ایکسپو نمائشوں میں سعودی عرب کی شرکت کی سٹیئرنگ کمیٹی کے چیئرمین شہزادہ بدر بن فرحان نے جاپان میں ایکسپو 2025 میں شرکت کرنے والے سعودی پویلین کا دورہ کیا۔ یہ ایکسپو جاپانی شہر اوساکا میں منعقد ہونے والی ہے۔سعودی پویلین وراثت، روایات اور اقدار کی منفرد سعودی شناخت کو ہزاروں سال پرانی قدیم تہذیبوں کے گہوارہ کے طور پر اجاگر کر رہا ہے۔ اس وقت مملکت اپنے ویڑن 2030 کے فریم ورک کے اندر قابل ذکر تبدیلی کا مشاہدہ کر رہی ہے۔ معاشی اور سماجی اہداف کے حصول کیلئے اور مستقبل کی صلاحیتوں کو اْجاگر کرنے کیلئے سعودی عرب میں تبدیلی کا عمل جاری ہے۔اوساکا میں سعودی پویلین کو جاپانی بلٹ انوائرنمنٹ ایفیشنسی ایویلیوایشن سسٹم کی اعلیٰ ترین سطح اور کم کاربن مواد، توانائی کی بچت کی ٹیکنالوجی، بارش کے پانی کی ری سائیکلنگ اور فوٹو وولٹک توانائی کے استعمال کے ذریعے خالص صفر آپریشنل اخراج کے مطابق ڈیزائن کیا گیا تھا۔ پویلین کا لچکدار ڈیزائن ہے جس کو مستقبل میں ختم اور دوبارہ استعمال کیا جا سکتا ہے۔ایکسپو 2025 کا باضابطہ آغاز اپریل 2025 میں ہوگا جس میں 160 سے زائد ممالک اور کثیرالجہتی تنظیمیں نعرے “معاشروں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کیلئے مستقبل کی اختراع” کے تحت شریک ہوں گی۔ ایکسپو کو تین ذیلی موضوعات کے فریم ورک کے اندر رکھا گیا ہے۔ یہ ذیلی عنوانات ’’ زندگی کی پائیداری کو یقینی بنانا‘‘، ’’زندگی کو بہتر بنانا‘‘ اور ’’مواصلات کے ذریعے زندگی کو بڑھانا‘‘ پر مشتمل ہیں۔ توقع ہے کہ اوساکا 28 ملین سے زیادہ زائرین کی میزبانی کرے گا۔