سعودی ولیعہد محمد بن سلمان کی آج دورہ ہند پر آمد

,

   

کل وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات۔ ہندوستان ‘ سرحد پار سے دہشت گردی کا مسئلہ اٹھائے گا

نئی دہلی 18 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان امکان ہے کہ پاکستان اسپانسر دہشت گردی کے مسئلہ کو سعودی عرب کے ولیعہد محمد بن سلمان کے ساتھ موضوع بحث بنائیگا جبکہ دونوں ملکوں کے مابین تعلقات میں مزید استحکام کا امکان ہے ۔ محمد بن سلمان کل اپنے دو روزہ دورہ ہندوستان پر یہاں آرہے ہیں۔ عہدیداروں اور ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دونوں ملکوں کے مابین مشترکہ بحری مشقوں پر بھی تبادلہ خیال ہوگا ۔ ولیعہد محمد بن سلمان اتوار کو پاکستان گئے تھے اور وہ پیر کو سعودی عرب واپس ہوگئے ۔ سرکاری ذرائع نے کہا کہ ہندوستان نے محمد بن سلمان کے پاکستان سے ہندوستان آنے پر تحفظات کا اظہار کیا تھا ۔ ولیعہد کے دورہ سے قبل سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے اسلام آباد میں کہا کہ ان کا ملک کوشش کریگا کہ ہندوستان اور پاکستان کے مابین کشیدگی میں کمی آئے ۔ سرکاری ذرائع نے کہا کہ سعودی عرب کشمیر پر پاکستان کے موقف کو اب قبول نہیں کر رہا ہے اور ہندوستان دہشت گرد گروپس کو پاکستان کی تائید کے مسئلہ کو محمد بن سلمان کے دورہ کے موقع پر اٹھائیگا ۔ محمد بن سلمان وزیر اعظم نریندر مودی سے چہارشنبہ کو ملاقات کرنے والے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کے مابین بات چیت کے بعد جو مشترکہ بیان جاری کیا جائیگا اس میں دہشت گردی کا سخت حوالہ دیا جائیگا ۔ سکریٹری معاشی امور وزارت خارجہ ٹی ایس ترومورتی نے کہا کہ اس دورہ کے موقع پر امکان ہے کہ دونوں ملکوں کے مابین پانچ معاہدات پر دستخط کئے جائیں گے ۔ یہ معاہدات سرمایہ کاری ‘ سیاحت ‘ ہاوزنگ اور انفارمیشن و براڈکاسٹنگ سے متعلق ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیںیقین ہے کہ اس دورہ سے ہند۔ سعودی باہمی تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہوگا ۔ سرحد پار دہشت گردی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے پلواما میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔ ہم سکیوریٹی اور انسداد دہشت گردی معاملات میں سعودی عرب کے تعاون کی ستائش کرتے ہیں۔ سرکاری ذرائع نے کہا کہ سعودی عرب کے ہند ۔ پاک تعلقات کو دیکھنے کے نظریہ میں تبدیلی آئی ہے اور ایک طاقتور خلیجی ملک اب سرحد پار دہشت گردی کے مسئلہ کو بہتر انداز میں سمجھ رہا ہے ۔ان کے دورہ کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے ہندوستان دونوںملکوں کے مابین حکمت عملی شراکت داری کونسل کے قیام کے تعلق سے بھی غور کر رہا ہے ۔