یروشلم: فلسطینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے العربیہ اور الحدث کو بتایا ہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے خطاب کا فلسطین میں تمام حلقوں کی طرف سے وسیع پیمانے پر خیر مقدم کیا جارہا ہے۔فلسطینی وزارت خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ مملکت سعودی عرب کا موقف فلسطین کے معاملے پر مستحکم اور مضبوط ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی ولیعہد کی تقریر نے ہمیں بین الاقوامی سطح پر ایک مضبوط حوصلہ دیا۔ چہارشنبہ کو سعودی ولیعہد نے اس بات پر زور دیا تھا کہ ان کا ملک فلسطینی ریاست کے قیام سے پہلے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم نہیں کرے گا۔ انہوں نے محصور غزہ کی پٹی میں اسرائیلی جرائم کی مذمت کی۔شوریٰ کونسل کے نویں اجلاس کے پہلے سال کے کام کا آغاز کرتے ہوئے شہزادہ محمد بن سلمان نے اعلان کیا کہ مسئلہ فلسطین ان کے ملک کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔