12 سال قبل کے فیصلہ پر کارروائی، 26 عارضی مکانات کو منہدم کردیا گیا
حیدرآباد۔/7 جنوری، ( سیاست نیوز) سعیدآباد علاقہ میں ایک قدیم قبضہ کو برخواست کردیا گیا ۔ تقریباً 12 سال قبل کے فیصلہ پر بالاخر مالک جائیداد کو قبضہ حوالے کردیا گیا۔ بنجارہ بستی میں موجود اس ناجائز قبضہ کو ہٹانے کیلئے علاقہ کو عملاً پولیس چھاؤنی میں تبدیل کردیا گیا تھا۔ ریاست میں برسر اقتدار جماعت کے قائدین کی حمایت کے بغیر ناجائز قبضہ کو ہٹانا ممکن نہیں تھا، مقامی عوام میں اس طرح کے تاثرات پائے جاتے ہیں۔ چونکہ اس 850 گز اراضی پر 40 سال قبل ناجائز قبضہ کیا گیا تھا۔ لوک آیوکتہ کالونی بنجارہ بستی میں واقع اس خانگی اراضی پر غیر مجاز طور پر تعمیر کردہ 26 عارضی مکانات کو منہدم کردیا گیا۔ حیدرآباد آر ڈی او اور تحصیلدار سعیدآباد کی موجودگی میں بھاری پولیس جمعیت کی نگرانی میں ناجائز قبضوں کی برخواستگی عمل میں آئی۔ قبضہ کو برخواست کرنے کیلئے صبح 6 تا دوپہر 2 بجے تک برقی سربراہی کو علاقہ میں بند کردیا گیا۔ اس موقع پر ڈی سی پی ایسٹ زون، اے سی پی ملک پیٹ اور انسپکٹر سعیدآباد بھاری پولیس جمعیت کے ساتھ لوک آیوکتہ کالونی میں موجود تھے اور دیکھتے ہی دیکھتے قدیم قبضہ کو برخواست کردیا گیا اور متاثرین کو ایس بی ایچ اے کالونی میں واقع عمارت میں منتقل کردیا گیا۔ اس قدیم قبضہ کی برخواستگی اور سرکاری مشنری کے اقدامات پر عوام نے یہ تاثر پیش کیا کہ برسراقتدار پارٹی کے قائدین کی دلچسپی کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا۔ع