محکمہ پولیس میں دوڑ دھوپ ، انسپکٹران پولیس و اے سی پیز تبادلوں کے خواہاں ، حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر کا بیان
حیدرآباد ۔ 22 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : شہر میں پسندیدہ اور اہمیت والے مقامات پر پوسٹنگ کے لیے دیگر محکموں سے زیادہ محکمہ پولیس میں سفارشات کی جاتی ہیں اور سفارشات کی دوڑ دھوپ میں سب سے زیادہ انسپکٹران پولیس اور اے سی پیز سرگرم ہوتے ہیں اور شہر میں نئی پوسٹنگ کے لیے دوڑ دھوپ بھی شروع ہوگئی ۔ تاہم ایسے عہدیداروں کے لیے کمشنر پولیس نے سخت گیر انتباہ دیا ہے اور اپنے سخت تیور کو ظاہر کرتے ہوئے سفارش سے پوسٹنگ کے لیے رجوع ہونے والوں کی ترقی کو روک دینے کے اقدامات کا انتباہ دیا اور کہا کہ پوسٹنگ قابلیت اور صلاحیت کی بنیاد پر دی جائے گی اور پہلے آفیسر کی قابلیت اور ماضی کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے پوسٹنگ دی جائے گی ۔ کمشنر پولیس نے سفارش کے ذریعہ پوسٹنگ کے لیے رجوع ہونے اور پیروی کرنے والے عہدیداروں کو انتباہ دیا اور کہا کہ ان کے اے سی آر بک میں خامی درج کردیا جائے گا تاکہ انہیں مستقبل میں کوئی محکمہ جاتی ترقی حاصل نہ ہوسکے ۔ کمشنر پولیس کے سرینواس ریڈی کے اس سخت گیر اعلان کے بعد شائد شہر میں پوسٹنگ کے لیے اب کوئی انسپکٹر یا اے سی پی سفارش کے لیے رجوع نہیں ہوسکے گا ۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ بہتر سے بہتر خدمات امن و بھائی چارہ کی برقراری اور خوشحال سماج کی تعمیر میں پولیس کے کردار کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکنہ اور سخت اقدامات کئے جائیں گے ۔۔ ع