سفید راشن کارڈ کے بغیر تمام غریبوں کو چاول اور رقم دی جائے: اتم کمار ریڈی

   

سربراہی میں تاخیر افسوسناک، اے ٹی ایم خالی، ڈاکٹرس اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی ستائش
حیدرآباد۔ 26 مارچ (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے ریاستی حکومت سے اپیل کی کہ سفید راشن کارڈ کی شرط کے بغیر تمام غریب خاندانوں کو چاول اور 1500 روپئے معاشی امداد فراہم کی جائے۔ سوشل میڈیا پر کانگریس پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ آٹو ڈرائیورس، لیبرس اور ورکرس کے علاوہ غیر منظم شعبہ جات کے ملازمین اور روزانہ کمانے والے افراد تک اس پیکیج کو توسیع دی جائے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ لاک ڈائون کے سبب ہزاروں خاندان معاشی مسائل کا شکار ہیں اور فاقہ کشی پر مجبور ہوچکے ہیں۔ انہوں نے سماج کے تمام طبقات اور شعبہ جات سے اپیل کی کہ وہ مرکز اور ریاستی حکومت کی جانب سے وائرس سے بچائو کے لیے کئے جارہے اقدامات میں تعاون کریں۔ ہر شخص کو مکمل لاک ڈائون کے تحت مکانات میں محدود ہونا چاہئے۔ اتم کمار ریڈی نے چاول اور رقمی امداد کی فراہمی میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ غریب افراد روزانہ کمانے والے 22 مارچ سے پریشان حال ہیں۔ 22 مارچ کو جنتا کرفیو اور پھر اب 21 دن کے لیے لاک ڈائون جاری ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ چاول اور امداد کی تقسیم کے کام میں تیزی پیدا کی جائے۔ حکومت وائٹ ( سفید ) راشن کارڈ ہولڈرس کے بینک اکائونٹ میں 1500 روپئے ڈپازٹ کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے جبکہ ابھی تک راشن کارڈ ہولڈرس کی تفصیلات حاصل نہیں کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ جن افراد کے پاس بینک اکائونٹ نہیں ہے انہیں راشن شاپ سے چاول اور رقم سربراہ کی جائے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ سفید راشن کارڈ کی شرط کو لازم کئے بغیر تمام غریبوں کا احاطہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے ہاسٹلس سے طلبہ اور پروفیشنلس کو جبراً نکالنے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ریاستی حکومت کو اس بحران سے نمٹنے کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ تلنگانہ بھر میں اے ٹی ایم سنٹرس میں رقم کی موجودگی کو یقینی بنائیں۔ حیدرآباد میں اے ٹی ایم سنٹرس میں رقم موجود نہیں ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کسانوں سے دھان اور دیگر زرعی پیداوار خریدیں اور کیاش میں رقم ادا کی جائے۔ ا نہوں نے کانگریس ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی اور ارکان کونسل سے اپیل کی کہ وہ حلقہ جاتی ترقیاتی فنڈ سے عوام کی مدد کریں۔ ہر کسی کو اپنے ذاتی فنڈ سے غریبوں کی مدد کرنی چاہئے۔ کورونا وائرس کے سبب تباہی سے بچنے کے لیے حکومت نے لاک ڈائون کا اعلان کیا ہے۔ کانگریس قائدین اور کارکنوں کو سوشیل ڈسٹنس ( سماجی فاصلہ ) اور دیگر احتیاطی تدابیر کے سلسلہ میں عوام کو باخبر کرنا چاہئے۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی کے پیام کے مطابق عوام کی خدمت کی جائے۔ صدر پردیش کانگریس جمعہ کو اہم پارٹی قائدین کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے ڈاکٹرس، نرسس، پیرامیڈیکل اسٹاف، محکمہ صحت کے ملازمین و عہدیدار، محکمہ پولیس اور صحافت کی ستائش کی جو اپنی صحت اور زندگی کو خطرے میں ڈال کر سماج کے لیے خدمات انجام دے رہے ہیں۔